تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کے ساتھ انصاف رسانی تک نئی ریاست کا مقصد نامکمل

پوٹی سری راملو یونیورسٹی میں ڈائری و کیلندر کا رسم اجراء ، انقلابی گلوکار غدر و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔27جنوری(سیاست نیوز)انقلابی گلوکا ر غدر نے کہاکہ نئی ریاست میںپسماندہ طبقات کو انصاف ملنے تک علیحدہ تلنگانہ جدوجہد کا مقصد پورا نہیںہوگا۔ آج یہاں پوٹی سری راملو یونیورسٹی نامپلی میں تلنگانہ میونسپل ایمپلائز اور ورکرس اسوسیشن کی سال نو ڈائیری اور کیلنڈر کی رسم اجرائی تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ چیرمن تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ ‘ رکن اسمبلی محبو ب نگر سرینوا س گوڑ‘ سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ ‘ رکن قانون سازکونسل یادو ریڈی‘ ڈاکٹر سدھاکر کے علاوہ دیگر نے بھی اس تقریب میں شرکت کی ۔ اسوسیشن کے ذمہ داران ڈاکٹر ترپتی یادیہ اور جناردھن ریڈی نے مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیںتہنیت پیش کی ۔ غدر نے اپنے روایتی انداز میںسامراجیت کو جمہوری ہندوستان کے لئے خطرناک قراردیااور کہاکہ مزدور طبقے کا کوئی پرسان حال نہیںہے ۔ انہوں نے حکومتوں کو اپنی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اقتدار میںآنے سے قبل ہر سیاسی جماعت مزدور وں کی فلاح وبہبود کی باتیں کرتی ہے مگر اقتدار حاصل ہونے کے بعد تمام باتوں اوروعدوں کو فراموش کردیاجاتا ہے ۔ غدر نے اس موقع پر چیرمن تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ کے حوالے ایک مکتوب کیا جس میں جی ایچ ایم سی مزدوروں کو مستقل ملازمت فراہم کرنے اور ان کی تنخواہوں میںاضافہ کی ایک درخواست تھی ۔انہوں نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ حکومت جی ایچ ایم سی ورکرس کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ہمارے مطالبات کی عاجلانہ یکسوئی عمل میںلائے گی۔