تلنگانہ میں پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا آج آخری دن

امیدواروں کے انتخاب میں سیاسی جماعتوں کی تاخیر سے آج گہما گہمی رہنے کا امکان

حیدرآباد 8 اپریل ( سیاست نیوز ) متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں پہلے مرحلہ کے تحت تلنگانہ کی 17 لوک سبھا اور اسمبلی کی 119 نشستوں کیلئے پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کی کل 9 اپریل چہارشنبہ کو آخری تاریخ ہے ۔ کل 9 اپریل ہونے کی وجہ سے 9 کا ہندسہ کئی امیدواروں کی توجہ کا مرکز ہوگیا ہے کیونکہ وہ اس ہندسہ کو کافی اہمیت دیتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ کئی سیاسی قائدین نے پنڈتوں کے مشورہ پر 9 کے ہندسے کو پیش نظر رکھتے ہوئے آخری دن پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا فیصلہ کیا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ آخری دن تلنگانہ علاقہ میں کئی قائدین کے پرچہ نامزدگیوں کا ادخال عمل میں آئیگا جس کی وجہ سے کافی سرگرمی رہے گی ۔ انتخابات کیلئے نامزدگیوں کے ادخال کا آغاز 2 اپریل کو ہوا تھا ۔ علاوہ ازیں کئی سیاسی جماعتوں جیسے تلگودیشم ۔ بی جے پی اور کانگریس سی پی آئی کے مابین انتخابی مفاہمت کیلئے بھی تاخیر ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں امیدواروں کے انتخاب کا عمل تاخیر کا شکار ہوا تھا اور آخری دن نامزدگیوں کے ادخال میں تیزی آجائیگی ۔ انتخابی مفاہمت کے مطابق تلگودیشم نے تلنگانہ میں بی جے پی 47 اسمبلی اور 8 لوک سبھا حلقے چھوڑنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔

کانگریس نے بھی اپنے امیدواروں کی کل فہرست جاری کی تھی اور امکان ہے کہ ان میں سے بیشتر کل ہی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرینگے ۔ کانگریس نے انتخابات کیلئے سی پی آئی کے ساتھ مفاہمت کی ہے ۔ اسی وجہ سے نامزدگیوں کے ادخال کا عمل متاثر ہوا ہے ۔ ٹی آر ایس نے حالانکہ انتخابات میں تنہا مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس نے اپنے امیدواروں کی تیسری فہرست آج جاری کی ہے اور بیشتر امیدوار کل پرچہ نامزدگی داخل کرینگے ۔ اس دوران ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر کے قریبی ذرائع کے مطابق اب تک تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں کیلئے 143 امیدواروں نے اپنے پرچہ جات نامزدگیاں داخل کئے ہیں ۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے اب تک چار امیدواروں نے اپنے پرچے داخل کئے ہیں۔ تلنگانہ کی اسمبلی کی 119 نشستوں کیلئے جملہ 1100 امیدواروں نے اپنے پرچہ جات نامزدگیاں داخل کی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ آج 8 اپریل کو جملہ 461 امیدواروں نے اپنے پرچے داخل کئے ۔ آج تک دو اسمبلی حلقوں میں ایک بھی امیدوار نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا ہے ۔