تلنگانہ میں پارلیمانی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے انتظامات مکمل

۔23 مئی کو 17 حلقوں کی رائے شماری کیلئے 82 ہالس کی نشاندہی رجت کمار کا بیان
حیدرآباد۔17مئی (سیاست نیوز) چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ مسٹر رجت کمار نے 23 مئی کو منعقد ہونے والی رائے شماری کے سلسلہ میں تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں 17حلقہ جات پارلیمان میں ووٹوں کی گنتی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ووٹوں کی گنتی کے عمل کی انجام دہی کے طریقہ کار کے متعلق تربیت فراہم کرنے کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر رجت کمار نے آج جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ ریاست تلنگانہ 17حلقہ جات پارلیمان کیلئے رائے شماری ریاست بھر میں 35مقامات میں82 ہالس میں انجام دی جائے گی ۔ریاست کے تمام اضلاع میں رائے شماری کے عمل کی انجام دہی کیلئے 6ہزار 745کا عملہ موجود رہے گا اور ریاست بھر میں 1841 ٹیبل پر رائے شماری انجام دی جائے گی۔انہو ںنے بتایا کہ رائے شماری کے عمل کے آغاز کے دوران وی وی پیاٹ کی گنتی کیلئے کوئی بھی مشین کے انتخاب کا حق حاصل رہے گا اور نتائج میں تین گھنٹے کی تاخیر کا امکان ہے علاوہ ازیں شدید گرمی کو دیکھتے ہوئے سی ای او کے دفاتر سے تمام ضلع الکٹورل آفیسر س کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ مراکز رائے شماری کے قریب پینے کے پانی کا انتظام کریں ۔مسٹر رجت کمار نے بتایا کہ رائے شماری کے عمل کی نگرانی کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے 61 مبصرین موجود رہیں گے ۔ انہو ںنے رائے شماری کے طریقہ کار اور تربیت کے متعلق بتایا کہ عہدیداروں کو تربیت کی فراہمی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے اور ہر ٹیبل پر ایک مائیکرو مبصر کی موجودگی یقینی ہوگی۔