حیدرآباد، 26فروری (سیاست ڈاٹ کام)تلنگانہ حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر حکمراں جماعت ٹی آر ایس پلینری سیشن کو بڑے پیمانہ پر منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ چاہتے ہیں کہ اس سیشن میں 25 لاکھ افراد شریک ہوں ۔ یہ پلینری سیشن شہر حیدرآباد میں منعقد کیا جائے گا ۔ اس کا مقصد حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہونچانا ہے ۔ اس پلینری سیشن میں مستقبل کے ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور حکومت کی تین سالہ کارکردگی اور کامیابیوں کو بھی عوام کے سامنے رکھا جائے گا ۔ گزشتہ سال پلینری سیشن کھمم ضلع میں منعقد کیا گیا تھا اس سال حیدرآباد کے نواحی علاقہ اؤٹر رنگ روڈ ‘ ابراہیم پٹنم یا پھر میڑچل علاقوں میں اسے بڑے پیمانہ پر منعقد کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ 30 اضلاع سے تقریباً 25 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے ۔ پلینری سیشن اور جلسہ کے ذریعہ عوام میں حکومت سے متعلق بھروسہ پیدا کرنے کا بھی منصوبہ ہے ۔