حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے ٹی آر ایس کو تلنگانہ میں دوبارہ کامیابی حاصل ہونے کا سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے بی جے پی کو حیرت زدہ کردیا ہے ۔ بی جے پی تلنگانہ میں آسام کی تاریخ دہرانے کا دعویٰ کررہی ہے ۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ تلنگانہ میں بی جے پی کو کامیاب بنانے کے لیے میکرو سطح کی انتخابی حکمت عملی تیار کررہے ہیں ۔ دوسری طرف این ڈی اے کے حلیف اور مرکزی وزیر اٹھاولے نے تلنگانہ میں دوبارہ ٹی آر ایس کامیاب ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ کاماریڈی کا دورہ کرنے والے مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں قبل از وقت انتخابات منعقد ہوتے ہیں تو ٹی آر ایس کو کامیاب ہوگی اور کے سی آر تلنگانہ کے دوبارہ چیف منسٹر بنیں گے ۔ تلنگانہ کو ترقی دینے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بڑے پیمانے پر مدد کرنے کا دعویٰ کیا ۔ مرکزی وزیر اٹھاولے کا یہ ریمارکس سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا رہا ہے ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے اس ریمارکس کو جہاں حقائق کی ترجمانی قرار دیا جارہا ہے وہیں بی جے پی اس کی مخالفت کرنے سے بھی ہچکچا رہی ہے ۔۔