تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو دوبارہ اقتدار یقینی : ہریش راؤ

نرسا پور میں پارٹی کی انتخابی مہم میں شرکت، جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد ۔ 27۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے آج نرسا پور اسمبلی حلقہ کا دورہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ رکن پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی اور سابق رکن اسمبلی ونود ریڈی ان کے ہمراہ تھے۔ ہریش راؤ نے بائیک ریالی میں حصہ لیا اور جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی کے ذریعہ عوامی تائید حاصل کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت نے ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے۔ تلگو دیشم اور کانگریس کے اتحاد کو ناپاک قرار دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی مخالفت کرنے والی تلگو دیشم سے اتحاد کے بارے میں کانگریس قائدین کو جواب دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام جانتے ہیں کہ تلگو دیشم نے کس طرح تلنگانہ تشکیل کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی تھی ۔ اب جبکہ دونوں پارٹیاں متحدہ طور پر مقابلہ کی تیاری کر رہے ہیں، عوام دونوں کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس کو 100 سے زائد اسمبلی حلقوں میں کامیابی حاصل ہوئی ۔ اسی دوران کوڑنگل سے تعلق رکھنے والے کانگریس اور تلگو دیشم کے قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ ہریش راؤ نے ان قائدین کا استقبال کیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات تلنگانہ حاصل کرنے والوں اور تلنگانہ کے غداروں کے درمیان ہوں گے ۔ موقع پرست اتحاد کے ذریعہ ٹی آر ایس کو شکست دینے کی سازش کی جارہی ہے۔ کانگریس کے صدر آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے کا اعلان کرچکے ہیں لیکن انہوں نے تلنگانہ کے بارے میں کچھ نہیں کہا ۔ آندھرا کو خصوصی موقف کا مطلب تلنگانہ سے ناانصافی ہے۔