تلنگانہ میں نومولود بچوں کیلئے ’’ششو آدھار‘‘ اسکیم

پیدائش کے اندرون 20 منٹ صداقتنامہ کی اجرائی کا فیصلہ
حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) حکومت نے ریاست تلنگانہ میں بہت جلد ایک نئی ’’ششو آدھار‘‘ کے نام سے اسکیم کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس اسکیم کے ذریعہ پیدا ہونے والے ہر بچے یا بچی کو اندرون 20 منٹ آدھار کارڈ اور صداقتنامہ پیدائش جاری کیا جائے گا۔ برتھ سرٹیفکٹ (صداقتنامہ پیدائش) کی اجرائی کے مکمل اختیارات ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ کو دیئے جائیں گے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ حکومت تلنگانہ نے یہ اسکیم سب سے پہلے تجرباتی اساس پر ایک ہفتہ میں نیاپل میٹرنٹی ہاسپٹل میں روبہ عمل لائی جائے گی۔ بعدازاں 15 جولائی تک میٹرنٹی ہاسپٹل پیٹلہ کوٹھی ، میٹرنٹی ہاسپٹل ، نیلوفر ہاسپٹل اور عثمانیہ دواخانہ میں روبہ عمل لائی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نئی اسکیم پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور تلنگانہ انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ اور آدھار کا علاقائی دفتر مشترکہ طور پر عمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے تلنگانہ ششو آدھار اسکیم کو مرحلہ وار اساس پر ریاست کے تمام سرکاری ہاسپٹلس اور پرائیوٹ ہاسپٹلس میں عمل آوری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔