شراب نوشی سے جرائم میں اضافہ ، تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جے اے سی کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ریاست میں نشہ بندی قانون نافذ کرنے کے علاوہ ریاست میں رشوت ستانی کے خاتمہ اور گٹکھا پر عائد پابندی پر موثر عمل آوری کے اقدامات کرے بصورت دیگر 2 جون کو منعقد شدنی ’ یوم تاسیس تلنگانہ ‘ کا بائیکاٹ کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں کنوینر تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی مسٹر محمد امان اللہ خاں نے پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت اپنی ایک سال میعاد تکمیل کررہی ہے لیکن ایک سال کے عرصے میں جدید ریاست میں شراب خوری سے پیش آنے والے جرائم اور رشوت خوری کے واقعات میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی اور گٹکھے کا کھلے عام استعمال کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب سرکاری محکمہ جات میں رشوت خوری کھلے عام جاری و ساری ہے تو دوسری جانب چیف منسٹر تلنگانہ ایمپلائز فرینڈ گورنمنٹ قرار دے رہے ہیں جو ایک انتہائی معیوب بات ہے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ریاست میں نشہ بندی قانون کے نفاذ کے علاوہ رشوت خوری کے خاتمہ ، گٹکھا اور سگریٹ پر عائد پابندی کے قانون پر موثر عمل آوری کے احکامات جاری کرے ۔ اس موقع پر جے اے سی قائدین مسرز جے رویندر ، کے لکشمی نرسیا ، محمد عظیم الدین ، سید غوث عرف لکی اور دوست محمد خاں بھی موجود تھے ۔۔