حیدرآباد 4 اگسٹ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ناکافی بارش کے باعث حالات پر چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے جائزہ اجلاس طلب کیا اور ناکافی بارش کی وجہ سے ریاست تلنگانہ میں عوام کو کئی مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ بالخصوص ماہ اگسٹ کا پہلا ہفتہ ختم ہونے کو ہے جس کے باوجود آج تک توقع کے مطابق بارش نہیں ہوئی جس کے نتیجہ میں کہیں بھی آبی وسائل میں اضافہ نہیں ہوا۔ روز بروز دھوپ کی شدت کے باعث تالاب اور کنٹوں میں تھوڑا بہت پانی بھی خشک ہوتا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے اجلاس میں اپنے اس خیال کا اظہار کیاکہ مانسون کے آغاز یعنی ماہ جون کے دوران ہوئی معمولی بارش کو پیش نظر رکھتے ہوئے کاشتکاروں نے کاشت اگانے کیلئے تخم ریزی کی لیکن ان فصلوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران اگر بارش نہ ہونے کی صورت میں ریاست تلنگانہ میں حکومت کو سنگین خشک سالی کے حالات سے دوچار ہونا پڑے گا لہذا چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اس مسئلہ پر متعلقہ عہدیداروں سے مؤثر و مثبت اقدامات کرنے کی ہدایت دیں۔