تلنگانہ میں نااہل حکومت ، طلبہ کا مستقبل داؤ پر

ایمسیٹ افشاء کے ذمہ دار وزراء سے استعفیٰ کا مطالبہ ، کانگریس کی سخت تنقید
حیدرآباد۔ 28 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ٹی آر ایس کی زیرقیادت ریاستی حکومت کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ ایمسیٹ امتحان منعقد کرنے کی صلاحیت نہ رکھنے والی نااہل حکومت تلنگانہ میں ہے لہذا ایمسیٹ II امتحانی پرچہ افشاء معاملہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ذمہ دار وزراء سے فی الفور مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ آج یہاں گاندھی بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ملوبٹی وکرامارکا کارگزار صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ایمسیٹ II کے امتحانی پرچہ کا افشاء ہونے کے مسئلہ پر ریاست بھر میں ہنگامہ ہورہا ہے لیکن حکومت اس مسئلہ پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے بلکہ اس مسئلہ کو نظرانداز کررہی ہے جبکہ ہزاروں طلبہ اپنے مستقبل کے متعلق سوچ میں پڑے ہوئے ہیں لیکن ٹی آر ایس کی زیرقیادت حکومت کو ہزاروں طلبہ کے مستقبل کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غیرذمہ دار وزراء اور نظم و نسق سے کوئی دلچسپی نہ رکھنے والے چیف منسٹر کی وجہ سے عوام کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ انہوں نے ایمسیٹ پرچہ سوالات افشاء واقعہ کی سی آئی ڈی تحقیقات کے بجائے سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کروانے کا حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا تاکہ اس طرح کے واقعات کا آئندہ اعادہ نہ ہوسکے۔ مسٹر ملوبٹی وکرامارکا نے ایمسیٹ پرچہ سوالات کے افشاء واقعہ کا انکشاف کرنے پر صحافت کے رول کی زبردست ستائش کی بالخصوص تلگو روزنامہ ’’آندھرا جیوتی‘‘ کو مبارکباد پیش کی۔