چیف منسٹر کے سی آر کا مرکزی وزیر ریلویز پیوش گوئیل کو مکتوب
حیدرآباد۔ 22 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے وزیر ریلویز پیوش گوئل کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں نئی ریلوے لائنوں کی منظوری کی خواہش کی ہے۔ چیف منسٹر کا مکتوب رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے مرکزی وزیر کے حوالے کیا۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ قاضی پیٹ جنکشن سے مربوط کرنے والی کئی اہم ریلوے لائنس کی تکمیل پر توجہ دی جانی چاہئے جن میں کریم نگر سے براہ حضور آباد ریلوے لائن شامل ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف مسافرین کو سہولت ہوگی بلکہ تلنگانہ میں ریلوے کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ ریلوے لائن سے جنوبی ہند سے نکلنے والی ٹرینیں براہ قاضی پیٹ، کریم نگر، نظام آباد، ناندیڑ اور اورنگ آباد ہوتے ہوئے مہاراشٹرا اور گجرات کے مختلف شہروں سے مربوط ہوسکتی ہیں۔ 70 کیلومیٹر طویل لائین کریم نگر اور جنوبی ہند کے ریاستوں کو قاضی پیٹ کے ذریعہ مربوط کرسکتی ہے۔ چیف منسٹر نے جنوبی ریاستوں اور مہاراشٹرا کے شرڈی کے درمیان مسافرین کی تعداد میں اضافہ کا حوالہ دیا اور مجوزہ 150 کیلومیٹر طویل لائین کی عاجلانہ تکمیل کی خواہش کی۔ انہوں نے کریم نگر اور قاضی پیٹ کے درمیان براہ حضور آباد ریلوے لائین کی سفارش کی ہے۔ رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے وزیر ریلوے کو علیحدہ مکتوب حوالہ کیا جس میں منوہرآباد تا کوتہ پلی ریلوے لائین کی تکمیل کے لیے سالانہ بجٹ 2018-19ء میں زائد فنڈس الاٹ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے نے جاریہ سال کے بجٹ میں تلنگانہ کے لیے جو اعلانات کیے تھے، ان میں کئی اعلانات پر عمل آوری نہیں کی گئی۔ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا اعلان آج تک مکمل نہ ہوسکا۔