تلنگانہ میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے لیے اقدامات تیز

ای ۔پی ڈی ایس کو متعارف کرانے کا منصوبہ نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے لیے اپلیکیشن کی تیاری
حیدرآباد 22 ستمبر ۔( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت،محکمہ سیول سپلائزکی خدمات کومؤثربنانے کے لیے بڑے پیمانے پراقدامات کررہی ہے۔ کے سی آر حکومت نے اب تک ریاست میں 10لاکھ بوگس راشن گارڈ کو منسوخ کردیاہے۔تلنگانہ حکومت پبلک DISTRIBUTION سسٹم کو آدھارسے مربوط کرنے کی تیاریاں بھی کررہی ہے۔تلنگانہ حکومت نے جامع گھریلو سروے کے ذریعہ حاصل کردہ تفصیلات کی بنیاد پر پبلک DISTRIBUTION سسٹم یعنی PDSکو آدھارسے مربوط کرنے کا فیصلہ کیاہے۔تلنگانہ حکومت محکمہ سیول سپلائزمیں شفافیت لانے اور محکمہ کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے لیے حکمت عملی تیارکررہی ہے ۔ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایت پرپہلے ہی محکمہ سیول سپلائزنے 10لاکھ سفیدراشن کارڈس کو منسوخ کردیا۔محکمہ سیول سپلائزکے حکام نے تلنگانہ کے 10اضلاع میں پبلک DISTRIBUTION سسٹم کوآن لائن کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہے۔ حکام کا کہناہے کہ تلنگانہ میں اضلاع میں بہت جلد E-PDSسسٹم متعارف کرایاجائیگا۔محکمہ سیول سپلائز کامانناہے کہE-PDSسسٹم کے ذریعہ راشن کی سپلائی کے دوران کی جانے والی بدعنوانیوں پرقابوپایا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ حکام کا کہناہے کہ جدیدٹکنالوجی کے استعمال سے مستحق افراد تک راشن پہنچایا جاسکتاہے۔ E-PDSسسٹم کو متعارف کرانے کے لیے وزیراعلیٰ کے سی آر نے کابینی سب کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ تلنگانہ کابینی سب کمیٹی،سفید راشن کارڈ پر25کلوکے بجائے 30 کلو چاول کی فراہمی اورنئے راشن کارڈ کی اجرائی کے لیے ہونے والے مصارف کا جائزہ لیے گی۔اس کے علاوہ تلنگانہ حکومت جلد ہی نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے لیے بھی تیاریاں کرتی نظر آرہی ہے۔تلنگانہ حکومت نے حکام کوسفید راشن کارڈ کے لیے حقیقی مستحق افراد کی نشاندہی کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔نئے راشن کارڈ کی اجرائی کے لیے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کو ایک APPLICATION تیارکرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔اس APPLICATION کی تیاری کے لیے حکومت نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔یہ کمیٹی محکمہ پنچایت راج و دیہی ترقی کے پرنسپل سکریٹری RAYMOND_PETERکی قیادت میں کام کریگی ۔نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے لیے یہ کمیٹی اپنی سفارشات پیش کریگی۔اس کمیٹی کو E-PDS پرعمل آوری،پی ڈی ایس سسٹم کو آدھار سے مربوط کرنے، اورنیشنل فوڈ سیکورٹی بل پرعمل آوری کے متعلق تمام امورپرجائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔حکام کا کہناہے کہ حکومت راشن کارڈ کے ڈائزین اورپرنٹینگ میں تبدیلی پرغورکررہی ہے۔نئے راشن کارڈ جاری کرنے کے بعد تلنگانہ سرکار فوڈ SECURITY ایکٹ کو نافذ کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔حکام نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت جامع گھریلوسروے کی بنیادپرریاست میں زندگی گذارنے والے تمام خاندانوں کی آمدنی اوراخراجات کا جائزہ لے رہی ہے۔محکمہ سیول سپلائز کا کہناہے کہ سروے کی تفصیلات کی بنیاد پرہی نئے راشن کارڈ جاری کیے جائیں گے۔اور نئے راشن کارڈ جاری ہونے کے بعد ہی حکومت E-PDSسسٹم کو متعارف کرائیگی۔PDSکو آدھارسے مربوط کیاجائیگا۔