تمام غیرمستحق کارڈس سے دستبرداری، چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 28 جون (این ایس ایس) حکومت تلنگانہ کی جانب سے عنقریب نئے راشن کارڈس متعارف کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے راشن کارڈس کے خصوصی حوالہ کے ساتھ محکمہ سیول سپلائز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر نے کہا کہ 83.59 لاکھ خاندان سفید راشن کارڈس کے اہل ہیں۔ اس کے مقابل 91 لاکھ کارڈس جاری کئے گئے۔ اس طرح 7 لاکھ کارڈس زائد جاری کئے گئے۔ اس کے علاوہ گلابی راشن کارڈس درکار تعداد سے 15 لاکھ زائد جاری کئے گئے ہیں۔ اس طرح ریاست میں گلابی اور سفید دونوں قسم کے 22 لاکھ کارڈس زائد ہیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ آیا یہ معلوم کریں کہ زائد کارڈس راشن شاپ ڈیلرس کے پاس تو نہیں ہیں اگر ایسا ہو تو انہیں فوری طور پر انتباہ دیا جائے۔ اس میں ناکامی پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ گلابی اور سفید دونوں قسم کے تمام غیرمستحق راشن کارڈس کو واپس لینا ہوگا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو بتایا کہ جب انہوں نے اسمبلی میں اس حقیقت کا تذکرہ کیا تو تمام ارکان اسمبلی نے خاطیوں کے خلاف کارروائی سے اتفاق کیا۔ چندرشیکھر راؤ نے کہا کہ وہ راشن کارڈ مسئلہ پر کافی فکرمند ہیں۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ہر چیز کو باقاعدہ بنایا جانا چاہئے تاکہ غریب کا نقصان نہ ہو۔ اس اجلاس میں وزیرفینانس، پلاننگ و سیول سپلائز ای راجندر، وزیر آبپاشی و امور مقننہ ٹی ہریش راؤ، چیف سکریٹری راجیو شرما، پرنسپل سکریٹری ٹو چیف منسٹر نرسنگ راؤ، کمشنر سیول سپلائز سی پارتا سارتھی اور منیجنگ ڈائرکٹر سیول سپلائز کارپوریشن انیل کمار نے شرکت کی۔