تلنگانہ میں نئے تعلیمی نظام کو رائج کرنے کا منصوبہ

ریاست بھر میں ہر اسمبلی حلقہ میں اقامتی تعلیمی کامپلکس کے قیام پر غور
حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : حکومت تلنگانہ نے ریاست میں ایک نیا تعلیمی نظام متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے حصہ کے طور پر حکومت ہر اسمبلی حلقہ میں اقامتی تعلیمی کامپلکس بھی تعمیر کراناچاہتی ہے ۔ اس کا مقصد تمام سرکاری تعلیمی اداروں کو ایک واحد مقام پر لایا جائے ۔ حکومت نے اس خصوص میں حال ہی میں ریاست بھر میں نئے تعلیمی اقامتی ادارے قائم کرنے کی تجویز رکھی ہے ۔ اس تجویز کے مطابق یہ تعلیمی ادارے ہائی اسکولس تا ڈگری اور پی جی کالجس کی شکل میں ہوں گے ۔ جنہیں ریاست کے منتخب مقامات پر قائم کیا جائے گا ۔ جہاں طلبہ کو رہائشی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ یہ کوشش موجودہ سوشیل ویلفیر اور قبائیلی بہبود اقامتی اسکولوں کے خطوط پر کی جارہی ہے ۔ ریاستی کونسل برائے تعلیم و ریسرچ ٹریننگ نے بتایا کہ حکومت ہر حلقہ میں زنانی درس گاہ تعمیر کرنا چاہتی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے بھی حال ہی میں اسکول ایجوکیشن ، ایس سی ای آر ٹی اور تلنگانہ حکومت پبلک سرویس کمیشن کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں جائزہ لیا ہے ۔ اجلاس میں کے جی تا پی جی مفت تعلیم اسکیم کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے عہدیداران کے مطابق اسکول اور اعلیٰ تعلیم میں اصلاحات لانے کی کئی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ آئندہ تعلیمی سال سے کے جی تا پی جی کی مفت تعلیم دی جائے گی ۔ اس خصوص میں بہت جلد ایک مسودہ کو تیار کر کے اسے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی منظوری کے لیے رجوع کیا جائے گا ۔۔