تلنگانہ میں نئی صنعتوں کے قیام پر برقی سربراہی کے موقف پر غور و خوض

بحران پر قابو پانے سولار برقی پراجکٹ پر غور ، وزیر برقی لکشما ریڈی اور وزیر صنعت جوپلی کرشنا راؤ کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر برقی لکشما ریڈی اور وزیر صنعت جوپلی کرشنا راؤ نے آج محکمہ جات برقی اور تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست میں نئی صنعتوں کے قیام کی
صورت میں برقی کی سربراہی کے موقف کا جائزہ لیا۔ وزراء نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سولار پراجکٹ کے قیام کے سلسلہ میں اراضی کے حصول کی کارروائی میں شدت پیدا کی جائے۔ حکومت نے تلنگانہ میں برقی بحران کی یکسوئی کیلئے سولار برقی پراجکٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت زرعی اور صنعتی شعبہ کو برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانے کے عہد کی پابند ہے۔آئندہ تین برسوں میں برقی کی قلت پر مکمل قابو پالیا جائے گا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چھتیس گڑھ سے برقی کے حصول کی کارروائی جاری ہے اور جلد ہی تلنگانہ میں برقی کی قلت پر کسی قدر قابو پالیا جائے گا۔ وزراء نے برقی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ربیع سیزن میں زرعی شعبہ کو مناسب برقی کی سربراہی یقینی بنائیں تاکہ فصلوں کو نقصان سے بچایا جاسکے۔ وزیر برقی نے کہا کہ کسانوں کو موثر برقی کی سربراہی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اس اجلاس میں تلنگانہ میں قائم ہونے والی نئی صنعتوں کیلئے برقی اور دیگر انفراسٹرکچر کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔وزیر بھاری مصنوعات جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ حکومت آئندہ تین برسوں میں برقی کی پیداوار میں اضافہ اور نئے پراجکٹس کے قیام کے ذریعہ برقی کی صورتحال پر مکمل قابو پالے گی۔