محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے نئے سافٹ ویر کے ذریعہ رجسٹریشن
حیدرآباد /20 فروری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں موٹر گاڑیوں کا دوبارہ رجسٹریشن لازمی قرار دیا جائے گا ۔ جو گاڑیاں اے پی نمبر پلیٹ کی حامل ہیں انہیں ٹی ایس نمبر پلیٹ سے تبدیل کرنا ہوگا ۔ حکومت تلنگانہ اس سلسلہ میں بہت جلد ایک اعلامیہ جاری کرے گی ۔ قبل ازیں جون 2014 کو حکومت نے جی او جاری کرتے ہیوئے موٹر رانوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ چار ماہ کے اندر اپنے موٹر گاڑیوں کا دوبارہ رجسٹریشن کروالیں ۔ لیکن ایک موٹر راں نے حکومت کے فیصلہ کو چیلنج کیا تھا اور ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی تھی جس کے بعد عدالت نے حکومت کے جی او پر حکم التواء جاری کرتے ہوئے ریمارک کیا تھا کہ حکومت دن کے اجالے میں من مانی نہیں کرسکتی ۔ دوبارہ رجسٹریشن کی ہدایت سے موٹر رانوں کو مشکلات پیدا ہوں گے ۔ تاہم محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایک نئے سافٹ ویر کے ذریعہ موٹر رانوں کو سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آن لائین پورٹیل یا می سیوا کے ذریعہ دوبارہ رجسٹریشن کروایا جاسکتا ہے ۔