حیدرآباد ۔ 4 اگست (سیاست نیوز) ہندوستان بھر میں حیدرآباد ’آئی ٹی حب‘ کیلئے شہرت رکھتا ہے چنانچہ اس سلسلہ میں ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے حکومت نے حیدرآباد میں ملک کا اولین ’بلاک چین ڈسٹرکٹ‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اس ٹیکنک کے تحت بین الاقوامی تاجرین بلاک چین ٹکنالوجی کو استعمال کرکے تجارت انجام دیں گے۔ جمعہ کو حکومت نے ٹیک مزرا، نیوکلینر ویژن اور الون ون فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت کرتے ہوئے ریاست میں ملک کا اولین بلاک چین ڈسٹرکٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور اس سسٹم کے فروغ کیلئے ریاست ان کمپنیوں کو مکمل طور پر ضروری ماحول کے قیام کیلئے بھی تہیہ کیا ہے۔ آئی ٹی وزیر کے ٹی راماراؤ نے بلاک چین کانگریس میں کہا کہ ’’ہم اس تیکنک کو روبہ عمل لانے تمام فریقین کیلئے درکار سہولتیں فراہم کریں گے اور کمیٹی ایم او یوز پر دستخط کئے ہیں۔ بلاک چین ٹکنالوجی کے استعمال کا مقصد بیان کرتے ہوئے ٹیک مہندرا کے سی ای او مسٹر سی پی گرنانی نے کہا مختلف کمپنیوں کے شعبوں جیسے فارماکالوجی، ٹھوک، فیشن اور آرکیٹکچر کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔ بلاک چین ٹکنالوجی آخر ہے کیا؟ یہ دراصل ایک نئی نسل کی ٹکنالوجی ہے جس میں کریپٹوگرافی کے ذریعہ سے تجارت کے ریکارڈ اور اطلاعات کو یکجا رکھا جاتا ہے ۔