تلنگانہ میں مقیم سیما آندھرائی عوام میں عدم تحفظ کے اندیشے مسترد

گورنر ای ایس ایل نرسمہن کی مرکزی وزراء سے ملاقات،درپیش مسائل پر تبادلہ خیال
حیدرآباد 15 ستمبر (سیاست نیوز) گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے ان اندیشوں کو مسترد کردیا کہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر حصوں میں مقیم سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والوں میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے۔ گورنر نرسمہن جو نئی دہلی کے دورہ پر ہیں آج مرکزی وزراء پرکاش جاوڈیکر اور اشوک گجپتی راجو سے ملاقات کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزراء سے ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں ریاستوں کو در پیش مسائل پر تبادلے خیال کیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حیدرآباد ایک تاریخی شہر ہے جہاں سیما آندھرا سے تعلق رکھنے و الے افراد کیلئے کوئی عدم تحفظ کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے ظاہر کئے جارہے یہ اندیشے بے بنیاد ہیں ۔ نرسمہن نے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ دونوں چیف منسٹرس اپنی اپنی ریاستوں کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں اور ان کا ایجنڈہ ترقی کے نظریہ پر مبنی ہے ۔ انہوں نے آندھرا پردیش تنظیم جدید بل 2014 کے بعض نکات کے بارے میں تنازعات کو غیر ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بل کے 9 ویں اور 10 ویں شیڈول کے بارے میں کوئی اختلاف نہیں ہے ۔ حیدرآباد میں گورنر کو زائد اختیارات کے مسئلہ پر تنازعہ کے سلسلہ میں پوچھے گئے سوالات کا ای ایس ایل نرسمہن نے جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ کسی بھی مسئلہ پر کوئی تنازعہ نہیں۔