اسمبلی میں قرار داد کی منظوری کا فیصلہ خوش آئند ، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا ادعا
حیدرآباد ۔ 7۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے مسئلہ پر سنجیدہ ہے جس کا اظہار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اسمبلی میں دیئے گئے بیان سے ہوتا ہے۔ اسمبلی اجلاس کے التواء کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے اقلیتی بہبود اور بالخصوص 12 فیصد تحفظات کے مسئلہ پر چیف منسٹر کے بیان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کے حق میں اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ یہ قرارداد مرکزی حکومت کو روانہ کی جائے گی
تاکہ دستور کے 9 ویں شیڈول میں اسے شامل کرتے ہوئے تلنگانہ میں مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات پر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔ محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کا یہ اعلان ان کی اقلیت دوستی کا ثبوت ہے اور حکومت اس بات کی کوشش کرے گی کہ تمام قانونی امور کی تکمیل کے ذریعہ 12 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار سدھیر کی قیادت میں کمیشن آف انکوائری قائم کیا گیا تاکہ مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی اور سماجی پسماندگی کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے اقلیتوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔ حکومت کو کمیشن کی رپورٹ ملنے کے بعد تحفظات کی فراہمی کے علاوہ مسلمانوں کی ترقی کیلئے حکومت مزید اقدامات کرے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاست کی اقلیتیں پوری طرح ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور انہیں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ وعدہ کی ضرور تکمیل کریں گے۔ محمد محمود علی نے حج کمیٹی اور جدہ میں ہندوستانی کونسلیٹ کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے تلنگانہ کے حجاج کرام کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے حجاج کرام کے قافلے مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں اور تمام خیریت سے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جو حجاج کرام ایام حج کے دوران لاپتہ بتائے گئے تھے، ان کا پتہ چل چکا ہے اور وہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حج کمیٹی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مدینہ منورہ میں حجاج کرام کیلئے تمام تر سہولتیں فراہم کریں۔ انہوں نے حجاج کرام کو اپنے طور پر کھانے کے انتظام کے سلسلہ میں رہنمائی کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ خادم الحجاج کو چاہئے کہ وہ اس سلسلہ میں حجاج کرام سے تعاون کریں ۔
ٹیچرس ٹریننگ کے لیے انٹرنس
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : ٹیچنگ لرننگ اکیڈیمی کے ٹیچرس ٹریننگ کے نئے بیاچ کا انٹرنس امتحان ٹیچنگ لرننگ اکیڈیمی کے گیارویں بیاچ کا انٹرنس امتحان 11 اکٹوبر اتوار کو 10 بجے دن سے 12-30 بجے تک مقرر ہے ۔ مزید معلومات کے لیے 9030065710 پر ربط کریں ۔۔