شاہ فنکشن ہال لکڑی کا پل میں مقرر ، مسلم سیاسی قائدین ، علماء و دانشوروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : تحریک مسلم شبان کے پریس نوٹ کے بموجب نئی ریاست تلنگانہ میں مسلمان اپنی حکمت عملی بنانے کے لیے 12 اپریل ہفتہ کو 11 بجے دن شاہ فنکشن ہال لکڑی کا پل میں ایک گول میز کانفرنس رکھی گئی ہے ۔ اس اجلاس میں تلنگانہ کے دس اضلاع سے مسلم جماعتوں کے سربراہ ، علماء ، دانشور اور مشائخین تشریف لارہے ہیں ۔ فرقہ پرست اور فاشست جماعتیں ملک اور ریاست تلنگانہ کے ماحول کو بھگوا رنگ میں رنگنا چاہتے ہیں ۔ آر ایس ایس 8 دہوں سے زیادہ عرصے سے اس ملک میں مسلم اقلیت کے خلاف مسلسل برسر پیکار ہے اور مسلمانوں نے دانشمندی صبر و استقامت کے ساتھ زبردست حوصلہ کا ثبوت دیا اور ان طاقتوں کے منصوبوں کا مقابلہ کیا ہے ۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان و صدر تلنگانہ مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نئی ریاست تلنگانہ میں فرقہ پرستوں کو ناکام کرنے کے لیے ملت اسلامیہ کی درد مند جماعتوں ، دانشوروں سے مسلسل گفتگوکررہے ہیں تاکہ ایک موثر حکمت عملی کے ذریعہ ان طاقتوں کو ناکام کیا جائے ۔ پریس نوٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ جہاں تک سیاسی جماعتوں کا تعلق ہے وہ مفادات کے گرداب میں فیصلے کرتے ہیں ۔ غیر سیاسی ملی تنظیموں اور دانشوران ملت ، علماء و مشائخین ملت کی بہتر رہبری کے ساتھ اس فرقہ پرستی کے طوفان کا مقابلہ کرسکتے ہیں ۔ بی جے پی نے یکساں سیول کوڈ اور بابری مسجد کو قانون کے ذریعہ رام مندر بنانے کی بات کی ہے جو اس ملک میں ہمارے مذہبی اور ملی تشخص پر بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ سیاسی مفادات سے اوپر اُٹھ کر اس وقت تمام کو متحدہ کوشش کرنی چاہئے کہ فرقہ پرستی کے ناگ کو کچل دیا جائے ۔ اضلاع اور دیہاتوں میں اس کام کی بڑی اہمیت ہے ۔ سیکولر طاقتوں کو مضبوط کیا جائے ۔ چنانچہ 12 اپریل کو شاہ فنکشن ہال 11 بجے دن اجلاس اہمیت کا حامل ہے ۔ جس میں اہم فیصلے ہوں گے ۔۔