تلنگانہ میں مزید گیس کنکشن کیلئے مرکزی حکومت سے نمائندگی

دیپم اسکیم گیاس کنکشن پر اسمبلی میں مباحث ، ایٹالہ راجندر وزیر فینانس کی وضاحت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر سیول سپلائز ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ابھی تک 8,51,501 دیپم اسکیم کے تحت پکوان گیس کنکشن منظور کئے گئے ہیں جن میں 3,61,716 خاندان میں تقسیم کردئیے گئے ہیں ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ دیپم اسکیم کے تحت سال 2000-2014 تک تلنگانہ میں 14 سال کے دوران صرف 18 لاکھ افراد کو دیپم اسکیم کے تحت گیاس کنکشن فراہم کئے گئے تھے ۔ تاہم چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے خواتین کی صحت و تندرستی پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے نئے ریاست کے پہلے بجٹ میں پکوان گیس کنکشن فراہم کرنے کے لیے 100 کروڑ روپئے اور دوسرے بجٹ میں 50 کروڑ روپئے مختص کیا ہے ۔ ماضی کی حکومتوں نے مہیلا گروپس میں صرف سینئیر خواتین کو دیا تھا ۔ ٹی آر ایس حکومت نے سینئیر جونیر تمام مہیلا گروپس کی خواتین کو گیس کنکشن دینے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ پہلے سال 10 لاکھ گیاس کنکشن منظور کئے دہلی پہونچ کر مرکزی وزیر پٹرولیم سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کو زیادہ سے زیادہ گیس کوٹہ مختص کرنے کی نمائندگی کرچکا ہے ۔ 119 اسمبلی حلقوں میں طلب کے مطابق دیپم گیس کنکشن جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ پکوان گیس کی منتقلی کے لیے ٹرانسپورٹ اخراجات کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ریاستی وزیر نے بتایا کہ 8 کیلو میٹر تک کوئی اخراجات وصول نہیں کئے جائیں گے 30 کیلو میٹر تک سپلائی پر 10 روپئے ، 30 کیلو میٹر سے زائد سپلائی پر 30 روپئے بطور چارجس وصول کئے جائیں گے ۔ ٹی آر ایس کی رکن اسمبلی بی شوبھا نے مشترکہ خاندان میں ساس اور بہو کے لیے علحدہ علحدہ دیپم کنکشن دینے کی اپیل کی ۔ اسکولس کو بھی گیس کنکشن دینے اور اضلاع کی تنظیم جدید کے بعد کوٹہ میں توسیع کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مجلس کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین نے حیدرآباد میں دیپم اسکیم کے تحت منظور ہوئے 75 ہزار گیس کنکشن میں صرف 2700 جاری کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ مجلس کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ہر سال 10 لاکھ پکوان گیس کنکشن دینے کا وعدہ کیا تھا ڈھائی سال میں 25 لاکھ گیس کنکشن دئیے جانے تھے مگر صرف 2500 گیس کنکشن دئیے گئے ہیں ۔۔