حیدرآباد ۔13مئی ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تلنگانہ کے اکثر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر مزید چند دن بدستور برقرار رہے گی ۔ اضلاع عادل آباد ، کمرم بھیم ، نرمل ، منچریال ، جگتیال ، پداپلی ، بھدرادری ، کتہ گوڑم ، کھمم ، سوریا پیٹ اور ہنمکنڈہ کا درجہ حرارت معمول سے زائد رہے گا ۔تاہم ریاست کے بعض دیگر مقامات پر ہلکی یا اوسط بارش متوقع ہے ۔ حیدرآباد میں بھی اگرچہ اعظم ترین درجہ حرارت 41 ڈگری رہے گا ۔ اس درمیان مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا ۔ شہر و مضافات میں ٹھنڈی ہواؤں ، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ موسم میں کسی قدر بہتری کے باوجود 17 اور 18مئی کو شہر کا موسم دوبارہ شدید ہوجائے گا ۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ان دنوں میں گرمی کی لہر کو موسم کا معمول سمجھا جاتا ہے ۔ راما گنڈم آج تلنگانہ کا گرم ترین مقام رہا ، جہاں کا درجہ حرارت 44ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیاہے ۔