حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( آئی این این ) : تلنگانہ انفارمیشن ٹکنالوجی اسوسی ایشن (TITA) ٹیم نے آج سنگی ریڈی نرنجن ریڈی سے ملاقات کی اور بحیثیت وائس چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ کمیشن ان کے تقرر پر انہیں مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ سکنڈ رنگ شہروں جیسے ورنگل اور کریم نگر کو اسمارٹ شہروں کے طور پر فروغ دینے کا منصوبہ بنائیں تاکہ آئی ٹی سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے ۔ ٹائیٹا کے ممبرس سے مخاطب کرتے ہوئے نرنجن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ کمیشن آئی ٹی انڈسٹری کے بشمول ریاست تلنگانہ کو ترقی دینے میں ایک اہم اور کلیدی رول ادا کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ گولڈن تلنگانہ کے حصول کے لیے جس کا وعدہ کیا گیا ہے ہر موقع پر استفادہ کرے گی ۔ اس موقع پر ٹائیٹا کے فاونڈر اور صدر سندیپ کمار مکتھالہ نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ کمیشن کو ٹائر II شہروں جیسے کریم نگر اور ورنگل کو اسمارٹ شہروں کے طور پر فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنے چاہئے کیوں کہ ان شہروں سے کافی تعداد میں آئی ٹی پروفیشنلس نکل رہے ہیں ۔ ان شہروں کو آئی ٹی کے مراکز کے طور پر فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ اور آئی ٹی کے فروغ کے لیے درکار انفراسٹرکچر کی فراہمی کو کمیشن اہم ترجیح دے ۔ ٹائیٹا کی جانب سے آئی آئی آئی ٹی میں ملک کے بڑے اسٹارٹ اپ انکوبیشن سنٹر ، ٹی ۔ ہب کے حکومت تلنگانہ کے اقدام اور اس پہل کی ستائش کی گئی اور ٹائر II شہروں میں بھی اس طرح کے اقدامات کے لیے منصوبہ سازی کرنے کی درخواست کی گئی ۔۔