تلنگانہ میں مانسون کی بے رُخی، بارش 25فیصد کم آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا امکان

حیدرآباد۔/5اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں مانسون کی بے رُخی نے آبی صورتحال کو تشویشناک بنادیا ہے۔ اس سال تلنگانہ میں سابق کے مقابل 25فیصد بارش کم ہوئی ہے جبکہ ہندوستان کے دیگر حصوںمیں اس سال مانسون کے دوران 19فیصد بارش ریکارڈ کی گئی ۔ جولائی کے اختتام اور اگسٹ کے آغاز کے باوجود تلنگانہ میں بارش کا نہ ہونا عوام الناس کیلئے فکر کی بات ہے۔ 3اگسٹ تک صرف ساحلی آندھرا میں زائد بارش یعنی معمول سے12فیصد زاید بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ تلنگانہ میں 25فیصد کم اور رائلسیما میں 34فیصد کم ریکارڈ کی گئی۔ خلیج بنگال کے وسطی علاقوں میں موسم میں کوئی خاص تبدیلی نہ ہونے سے بھی اس سال تلنگانہ میں بارش کی کمی محسوس کی جارہی ہے ، عام طور پر خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی سے بارش کے امکانات بڑھ جاتے تھے اس سال ہوا کے دباؤ میں کمی کی کوئی خاص تبدیلی نظر نہیں آئی تاہم محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 تا 48گھنٹوں کے دوران تلنگانہ میں اچھی بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

 

مانسون کی کمی سے پیدا صورتحال سے نمٹنے چندرا بابو نائیڈو کی ہدایت
حیدرآباد۔/5اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ان کی حکومت اس سال مانسون کی کمی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔ اس سال معمول کی بارش سے 8فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ انہوں نے چیف سکریٹری کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ تمام ضلع کلکٹرس سے بات چیت کرنے کی ہدایت دی۔