تلنگانہ میں لڑکیوں کو تعلیم دینے خصوصی توجہ ، کڈیم سری ہری

حیدرآباد /22 جون ( سیاست نیوز ) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کے معاملے میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ ممبئی میں کڈیم سری ہری نے مہاراشٹرا کے وزیر تعلیم ونود تاوڈے سے ملاقات کی ۔ اجلاس کے دوران دونوں وزراء نے اپنے اپنے ریاستوں میں عمل کرنے والے مختلف اسکیمات اور پروگرامس پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ 573 ریزیڈنشیل اسکولس ریاست تلنگانہ میں ہیں ۔ جہاں ہر طالب علم پر سالانہ 1.25 لاکھ روپئے خرچ کرتے ہوئے کارپوریٹ طرز کی معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ قیام و طعام کے علاوہ دوسری تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ بحیثیت صدرنشین کابینہ اڈوائزری بورڈ ان ایجوکیشن سب کمیٹی کی حیثیت سے انہوں نے مرکز کو کئی تجاویز پیش کرچکے ہیں ۔ بچپن کے شادیوں کی روک تھام اور تعلیم میں لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ملک بھر میں کے جی بی وی کو 8 ویں جماعت سے 12 جماعت تک توسیع دینے کی تجویز پیش کرچکے تھے ۔ جس کو مرکزی حکومت نے قبول کرلیا ۔ عمل آوری بھی شروع ہوگئی ہے ۔ کمپیوٹر کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے کمپیوٹر لیابس ڈیجیٹل کلاسیس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ رواں سال سے ا نٹر کے طلبہ کیلئے نیٹ ، جے ای ای کے علاوہ قومی مسابقتی امتحانات کیلئے تربیت دی جارہی ہے ۔ تعلیمی شعبہ کے علاوہ تلنگانہ میں غریب لڑکیوں کی شادیوں کیلئے شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے تحت فی لڑکی کو 1,00,116 روپئے فراہم کئے جارہے ہیں ۔