تلنگانہ میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی

حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں پہلے مرحلہ کے تحت علاقہ تلنگانہ کے 17 لوک سبھا اور 119 اسمبلی حلقوں میں انتخابات منعقد کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے آج انتخابی اعلامیہ جاری کردیا۔ اس انتخابی اعلامیہ کی روشنی میں علاقہ تلنگانہ کے 17لوک سبھا اور 119 اسمبلی حلقہ جات میں پرچہ جات نامزدگیوں کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے۔ پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کی آخری تاریخ 9 اپریل ہوگی۔ 10اپریل کو پرچہ جات نامزدگیوں کی تنقیح و جانچ کی جائے گی اور 12اپریل امیدواروں کی جانب سے پرچہ جات نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کرنے کی آخری تاریخ ہوگی۔ اس عمل کی تکمیل کے بعد پہلے مرحلہ کے تحت علاقہ تلنگانہ کے 17لوک سبھا اور 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے 30اپریل کو رائے دہی منعقد ہوگی۔

اسی دوران ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کو پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے اپنی املاک، اپنے مجرمانہ ریکارڈ سے متعلق ( اگر ہو تو ) مکمل تفصیلات کے علاوہ دیگر تمام تفصیلات پر مشتمل حلف نامہ پیش کرنا ہوگا۔ اس حلف نامہ سے متعلق فراہم کئے جانے والے پروفارما میں شامل تمام کالمس کو پُر کرنا ہوگا۔ اگر کوئی ایک کالم بھی پُر نہیں کیا جائے گا تو اس امیدوار کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کیا جاسکتا ہے۔ لہذا انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو چاہیئے کہ وہ اپنے پرچہ نامزدگی کا مکمل مطالعہ کرکے اس فارم کی مکمل خانہ پُری کریں۔ بصورت دیگر پرچہ نامزدگی مسترد کردیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ علاقہ تلنگانہ کے 10اضلاع میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 2,78,79,240 ہے۔ جن میں ضلع عادل آباد کے رائے دہندوں کی تعداد 19,53,625 لاکھ۔ ضلع نظام آباد میں رائے دہندوں کی تعداد 18,38,834 لاکھ، ضلع کریم نگر میں رائے دہندوں کی تعداد 28,09,413 لاکھ، ضلع میدک میں رائے دہندوں کی تعداد 21,84,903 لاکھ۔

ضلع رنگاریڈی میں 52,40,871 لاکھ، ضلع حیدرآباد میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 38,74,035 لاکھ، ضلع محبوب نگر میں رائے دہندوں کی تعداد 28,92,397 لاکھ ۔ ضلع نلگنڈہ میں رائے دہندوں کی تعداد 25,32,868 لاکھ۔ ضلع ورنگل میں رائے دہندوں کی تعداد 25,43,568 لاکھ اور ضلع کھمم میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 20,97,728 لاکھ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ علاقہ تلنگانہ کے 119 حلقہ جات اسمبلی کے منجملہ 11اسمبلی حلقہ جات سرپور، آصف آباد، خانہ پور، چنور، منتھنی، اچم پیٹ، کلواکرتی، کولاپور، بھوپال پلی، ملگ اور بھدرا چلم جو کہ انتہا پسندانہ سرگرمیوں سے متاثرہ بتائے جاتے ہیں، ان 11حلقہ جات اسمبلی میں رائے دہی کے اوقات صبح 7 بجے تا 4 بجے شام تک رہیں گے جبکہ مابقی 108 اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہی کے اوقات 7بجے صبح تا 6بجے شام رہیں گے۔ مزید بتایا جاتا ہے کہ رائے دہندوں کو گھر گھر ووٹر سلپ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔7اپریل سے دیہی علاقوں میں اور 10اپریل سے شہری علاقوں میں گھر گھر پہنچ کر ووٹر سلپس فراہم کئے جائیں گے۔ پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کیلئے صبح 11 بجے تا 3بجے سہ پہر اوقات مقرر کئے گئے ہیں۔