تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کیلئے مہم کا عملاً آغاز

ٹی آر ایس ، کانگریس ، بی جے پی حکمت عملی کو قطعیت دینے میں مصروف
حیدرآباد ۔ 11مارچ ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں 11اپریل کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں حکمراں ٹی آر ایس ، اپوزیشن کانگریس ، بی جے پی اور دوسروں کے درمیان سخت مقابلہ کا امکان ہے جس کے پیش نظر یہ جماعتیں اپنی حکمت عملی طئے کرنے میں مصروف ہیں ۔ انتخابی مہم کے معاملہ میں معاملہ میں حکمراں ٹی آر ایس اپنے حریفوں سے بہت آگے ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے فرزند اور ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ انتخابی تیاریوں کے ضمن میں پہلے ہی کئی اجلاسوں سے خطاب کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی 18حلقوں میں کامیاب ہوگی ۔ پردیش کانگریس کے صدر اُتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس پر وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ 13مارچ کو امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائے گی ۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی ہفتہ کو شمس آباد میں اپنی پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرچکے ہیں ۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے حال ہی میں ضلع نظام آباد میں اپنی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کیا تھا ۔ سی پی آئی اور سی پی آئی ( ایم ) نے اگرچہ اسمبلی انتخابات میں الگ الگ مقابلہ کیا تھا لیکن توقع ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں مفاہمت کریں گے ۔