تلنگانہ میں فنڈس کی عدم اجرائی

غریب عوام پریشان ، تلگو دیشم لیڈر چندر شیکھر ریڈی کی تنقید
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے ریاست میں برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ تلنگانہ ریاست کا بجٹ پیش کیے ہوئے چھ ماہ گزر چکے لیکن آج تک کسی ضلع ، کسی منڈل یا کسی موضع کے لیے فلاح و بہبودی اغراض کے لیے فنڈز جاری نہیں کئے گئے ۔ علاوہ ازیں تعلیمی سال شروع ہو کر پہلے سہ ماہی تعطیلات دئیے جانے کے باوجود دسہرہ سے قبل طلباء کو یونیفارمس اب تک فراہم نہیں کئے گئے ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن پولیٹ بیورو و سابق رکن پارلیمان تلگو دیشم پارٹی آر چندر شیکھر ریڈی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 450 کروڑ روپئے بقایہ جات کی عدم ادائیگی کے باعث آروگیہ شری خدمات بھی روکدی گئیں اور زائد از 200 خانگی ہاسپٹلس نے حکومت کی ہدایت کو نظر انداز کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دواخانوں کو جانے والے ہزاروں غریب عوام طبی سہولتیں فراہم نہ ہونے کی وجہ سے یا تو مایوسی کے ساتھ واپس ہورہے ہیں یا موت واقع ہورہی ہے ۔ انہوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بتکما تہوار کے لیے گذشتہ سال 10 کروڑ روپئے فراہم کر کے رقومات خرچ کرنے کے لیے صرف ٹی آر ایس پارٹی کو ہی ترجیح دی گئی اور اس سال بتکما تہوار کے لیے پندرہ کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ ایکطرف حکومت تہواروں کے لیے کافی رقومات فراہم کررہی ہے تو دوسری طرف طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے دواخانوں کو رقومات فراہم نہیں کررہی ہے ۔ انہوں نے بجٹ میں عوام سے کیے ہوئے وعدوں کے مطابق فی الفور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے رقومات جاری کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا بصورت دیگر تلگو دیشم پارٹی کی محاذی تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرنے کا انتباہ دیا ۔۔