تلنگانہ میں فلیگ شپ اسکیموں کیلئے فنڈس کی فراہمی

حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات قریب ہیں اور ریاستی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے آئندہ 3 ماہ تک فلیگ شپ فلاحی پروگراموں پر عمل آوری میں کوئی رکاوٹ نہ ہو ان اسکیموں کیلئے رقم مختص کرنے کے عمل کو قطعیت دینے میں مصروف ہے ۔ محکمہ فینانس نے پہلے ہی ریتو بندھو اسکیم کیلئے بنکس میں پانچ ہزار کروڑ روپئے ڈپازٹ کرائے ہیں حکومت پہلے ہی نومبر کے دوسرے ہفتہ میں کسانوں میں فی ایکڑ چار ہزار روپئے کی دوسری قسط تقسیم کرنے کا اعلان کرچکی ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ بی سی، ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیتوں کو خودروزگار اسکیم
کے تحت 50 ہزار روپئے تک کے قرضے دینے کو اولین ترجیح دی جائے گی ۔

اضافی اسکول فیس کو انتخابی موضوع بنانے اولیائے طلبہ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میں طلبہ کے سرپرستوں کی انجمنوں نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بڑھی چڑھی اسکول فیس کو انتخابی مسئلہ بنانے کا فیصلہ کیاہے ۔ طلباء کے سرپرستوں نے سوال کیا ہے کہ آیا تعلیم کے بغیر تلنگانہ سنہرا تلنگانہ بن سکتا ہے ۔ طلباء کے سرپرستوں کی انجمنوں نے ریاست میں خانگی غیرامدادی اسکولس میں فیس کو باقاعدہ بنانے کی جدوجہد میں ریاست تیس لاکھ سرپرستوں کو متحد کرنے کا عزم کیا ہے ۔ حیدرآباد اسکول پیرنٹس اسوسی ایشن نے کہا کہ گزشتہ دس سال سے جاری جدوجہد کے باوجود برسراقتدار پارٹی اور دوسری سیاسی جماعتوں نے بڑھی چڑھی فیس کے مسئلہ پر توجہ نہیں کی ۔