تلنگانہ میں فروغ جنگلات کا منصوبہ

حیدرآباد 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں جنگلات کو فروغ دینے اور جنگلاتی اہمیت و افادیت کے تعلق سے نہ صرف عوام بلکہ طلباء کو بھی واقف کروانے کے مقصد سے ضلع میدک کے ’’ملگ‘‘ کے مقام پر ہارٹیکلچر و فاریسٹ یونیورسٹی کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے 7 جنوری کو چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ، مرکزی وزیر جنگلات و ماحولیات مسٹر رادھا موہن سنگھ کے ساتھ سنگ بنیاد رکھیں گے۔ حکومت نے اس مجوزہ ہارٹیکلچر و فاریسٹ یونیورسٹی کو ممتاز مجاہد آزادی آنجہانی کونڈا لکشمن باپو جی کے نام سے موسوم کیا ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے دورہ ملگ (میدک) اور یونیورسٹی کی سنگ بنیاد تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔