تلنگانہ میں عوامی مسائل کا حل ہی بہترین حکمرانی کی دلیل

ٹی جی اوزبھون میں آمدنی کے محکموں پر کانفرنس ، محمد محمود علی اور ایٹالہ راجندر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ میںآمدنی کے محکموں پر منعقد ہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے کہا کہ 14سالہ جدوجہد کے بعد تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا خواب شرمندہ تعبیرہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ تلنگانہ میںٹی آر ایس پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد تلنگانہ کی عوام کو کافی امیدیں تلنگانہ حکومت سے وابستہ ہوئی ہیں۔ آج یہاں ٹی جی اوز بھون نامپلی میںمنعقدہ گول میز کانفرنس سے صدارتی خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت سرکاری ملازمین کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنے کی خواہاں ہے انہوں نے مزید کہاکہ سرکاری ملازمین پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں۔ محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن‘ فینانس‘ ٹرانسپورٹ سے وابستہ سرکاری ملازمین کی کثیرتعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ہی بہترین حکمرانی کی دلیل ہے اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنانے والے عہدیدار ہی ریاستی انتظامیہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ذمہ دار ہونگے۔ انہوں نے خانگی عمارتوں میں واقعہ سرکاری دفاتر کو ذاتی عمارتوں میں شفٹ کرنے کا اس موقع پراعلان کیا اور کہاکہ 80فیصد سے زیادہ سرکاری دفاتر خانگی عمارتوں میں ہیں۔انہوں نے اراضیات کے رجسٹریشن میںشفافیت لانے کا بھی اس موقع پر اعلان کیا اورکہاکہ غیر قانونی طریقے سے اراضیات کے رجسٹریشنس کو روکنے کے لئے رجسٹریشن کے عمل میںبڑے پیمانے کی تبدیلیاںلائی جائیں گی ۔ انہوںنے مزید کہاکہ غیرقانونی طریقہ سے اراضیات کا رجسٹریشن کرنے والوں کو سخت قوانین کے تحت سزا بھی دی جائے گی اور ماضی میںغیر قانونی طریقہ کار کو اپناتے ہوئے کئے گئے رجسٹریشن کی بھی تحقیقات کرائی جائے گی۔ریاستی وزیر فینانس مسٹر ای راجندرا نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاست انتظامیہ کی آمدنی میں اضافہ کے متعلق پیش کئے گئے تجاویز اور کانفرنس میں موجود مختلف محکموں کے ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے متعلق سفارشات کو چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر رائو سے رجوع کرنے کا وعدہ کیا۔ رکن اسمبلی محبوب نگر سرینواس گوڑ کے علاوہ صدر ٹی جی اوز وی ممتا اور دیگر بھی اس موقع پر موجو دتھے۔