ماحولیاتی آلودگی میں تخفیف کے اقدامات، کے ٹی راما راؤ کی تجویز
حیدرآباد۔28مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں بہت جلد پٹرول پمپ‘ سی این جی اسٹیشن اور گیاس اسٹیشن کے طرز پر الکٹرانک وہیکل چارجنگ اسٹیشن شروع کئے جائیں گے اور حکومت اس طرح کے اسٹیشن کے آغاز کے امور کا جائزہ لے رہی ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے الکٹرانک گاڑیوں کی جابجا چارجنگ کو ممکن بنا نے کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کیونکہ ملک میں الکٹرانک گاڑیوں کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اس اضافہ کو دیکھتے ہوئے ان چارجنگ اسٹیشنس کی ضرورت بھی محسوس کی جا رہی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ الکٹرانک گاڑیوں کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ ماحولیاتی آلودگی میں تخفیف کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور ان اقدامات کے تحت ہی ریاست میں بھی الکٹرانک چارجنگ اسٹیشن کے آغاز کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی پر کنٹرول کے اقدامات کو دیکھتے ہوئے الکٹرانک کاروں کے فروغ کے متعلق ریاستی حکومت بھی سنجیدہ غور کرنے لگی ہے۔پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ناگپورکے علاوہ دیگر مقامات پر الیکٹرانک کار چارجنگ اسٹیشنس کے آغاز کے بعد اب توقع ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے بھی ریاست میں بہت جلد الکٹرانک کار چارجنگ اسٹیشن شروع کردیئے جائیں گے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست آندھرا پردیش نے اپنے دارالحکومت امراوتی میں صرف الکٹرانک گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ امراوتی کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک دارالحکومت بنایا جاسکے۔حکومت آندھرا پردیش کے منصوبہ کے مطابق امراوتی کے حدود میں صرف الکٹرانک کاریں‘ ٹرین اور بس چلائی جائیں گی جبکہ پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کو امرواتی میں داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی ۔ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق تلنگانہ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ الکٹرانک کار مالکین کو چارجنگ کی سہولت فراہم کے متعلق سنجیدہ اقدامات پر غور کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں مؤثر پالیسی کا جلد اعلان کیا جائے گا۔حکومت کی جانب سے مجوزہ پالیسی کے مطابق ریاست تلنگانہ کے شہری علاقوں کے علاوہ اہم شاہراہوں پر الکٹرانک کار چارجنگ اسٹیشنس قائم کئے جائیں اور ان اسٹیشنس کے قیام کیلئے شمسی توانائی کی تکنیک کا استعمال کیا جائے گا۔باوثوق ذرائع کے مطابق ان اسٹیشنس کو چارجنگ اسٹیشنس کے ساتھ ساتھ برقی پیداوار کے مراکز کے طور پر بھی فروغ دیا جائے گاتاکہ شمسی توانائی کے استعمال اور پیداوار کے رجحان میں اضافہ ہوسکے ۔