تلنگانہ میں عنقریب کانسٹیبلس کے تقررات

نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع ، مرلی دھر بھگوت
حیدرآباد /22 مارچ ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ میں عنقریب بڑے پیمانے پر پولیس کانسٹیبل کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے اور نوجوانوں کو روزگار اور خدمات کے اس سنہرے موقع سے استفادہ کرنے کیلئے تیار رہنا چاہئے ۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ ہیش مرلی دھر بھگوت نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں رچہ کنڈہ کے چار گاؤں کو آپس میں جوڑنے اور عوامی سہولیات میں آسانی فراہم کرنے کیلئے سڑک کی مرمت کے کاموں کا افتتاح کیا ۔ اس چار گاؤں ( تانڈوں ) کو کمشنر رچہ کنڈہ نے ان کی کفالیت لے لیا ہے اور تقریباً 6 کیلومیٹر طویل سڑک کی فوری مرمت اور سفر کو آسان بنانے کے اقدامات شروع کردئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس میں تقررات کیلئے ان گاؤں سے نوجوانوں کو تربیت دی جارہی ہے اور نوجوانوں کو چوٹ اپل ٹریننگ کیمپ تک پہونچنے کیلئے بس کی سہولت کا انتظام بھی کیا گیا ہے جو صبح 9 بجے پولیس ٹریننگ کے خواہشمند امیدواروں کیلئے آزد و رفت کا کام کرتی ہے ۔ تاہم سڑک کی خستہ حالی اور ابتر حالت سے ان مواضعات کی عوام کو کافی تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ یادادری ضلع کلکٹر کے تعاون سے سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا ہے جس کی مدد سے ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی بھی آسان ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کام کو رچہ کنڈہ رکھشکا باٹا کا نام دیا گیا ہے ۔ ان مواضعات میں جب سے کفالت میں لیا گیا ۔ میگا ہیلت کیمپ ، بچوں میں کتابوں کی تقسیم ، سیل ٹاور کا قیام اور اوہام پرستی کے خلاف ذہن سازی اور کم عمر میں شادیوں کے خلاف شعور بیداری کی جارہی ہے ۔