تلنگانہ میں علاقائی بنیادوں پر تقررات کو یقینی بنانے پر زور

حیدرآباد ۔ 17 ستمبر ( سیاست نیوز ) آندھرا میںخدمات انجام دے رہے تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے ساتھ زیادتیوں کوختم کرنے کے لئے علاقائی بنیادوں پر تقررات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹی جی اوز کے وفد نے وزیر اعلی کے چندرشیکھر رائو سے ملاقات کی اور انہیں ایک تحریری یادواشت بھی پیش کی۔ فاونڈر پریسڈنٹ ٹی جی اوز ورکن اسمبلی محبو ب نگر سرینواس گوڑ‘ صدر ٹی جی اوز ممتا کے علاوہ دیگر نے وزیراعلی سے ملاقات کے دوران تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازم ہنمنت نائک کے ساتھ کی گئی زیادتیوں کا ذکر کیا او رکہاکہ آندھرا میں تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو مسلسل ہراساں وپریشان کرنے کاکام کیاجارہا ہے۔ وفد نے کہاکہ رشوت خور ی اور بدعنوانی کے فرضی مقدمات میںتلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو ماخوذ کرتے ہوئے انہیں مسلسل ہراساں و پریشان کیا جارہا ہے۔ وفد نے محکموں اور ملازمین کی تقسیم کے متعلق مرکزی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمل ناتھ کمیٹی کی سفارشات کا بھی اس موقع پر ذکر کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے ساتھ انصاف کے لئے علاقائی بنیاد پر ملازمین کے تقررات کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر وفد نے تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے لئے پی آرسی اور ہیلت کارڈ کی اجرائی کے متعلق بھی نمائندگی کی۔