ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے شہزادہ تورکیفہد عبداللہ السعود کی ملاقات
حیدرآباد۔25جنوری(سیاست نیوز) سعودی عرب کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے شہزادہ تورکی فہد عبداللہ السعود نے ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمو دعلی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست میںعصری ودینی تعلیم کا مشترکہ نظام قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا جہا ںپر معاشی طور پر پسماندہ خاندان کے لڑکو ں کو مفت تعلیم کی سہولت کے ساتھ ماہانہ دو ہزار روپئے کی مالی امداد بھی کی جائے گی۔انہوں نے تعلیمی ادارے کے قیام کے متعلق سرکاری اراضی فراہم کرنے بھی حکومت تلنگانہ سے خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہاکہ خلیج میںاس قسم کے تعلیمی ادارے پہلے ہی سے قائم کرچکے ہیںجہاں پر ہزاروں کی تعداد میںمعاشی طور پر پسماندگی کاشکار خاندان کے بچے مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ شہزادہ تورکی فہد عبداللہ السعود نے کہاکہ وہ تلنگانہ ریاست میںبھی اس قسم کے تعلیمی ادارے قائم کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے ریاست میںمسلمانو ںکی حالت زار پر گہری تشویش اور تاسف ظاہر کیااور کہاکہ معاشی طور پر پسماندہ مسلمانوں کیلئے اپنے بچوں کو تعلیم سے جوڑے رکھنا نہایت ہی مشکل کام ہے۔نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے تلنگانہ میں مفت تعلیمی نظام کے فروغ کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے تلنگانہ میںمسلمانو ںکے ماضی کے حالات کا بھی ذکر کیا او رکہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں میںمنظم طریقے سے مسلمانوں کو تعلیمی اور معاشی طور پر پسماندہ بنادیاگیا ہے اور مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے پرنس تورکی فہد عبداللہ السعود کے ارادے اور خواہش پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے تعلیمی ادارے قائم کرنے کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ہر ممکن مدد کا وعدہ کیا۔اس موقع پر جناب اعظم علی خرم جنرل سکریٹری ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد بھی موجود تھے۔