نامزدگیوں کے ادخال کا آغاز ہوجائیگا ۔ 9 اپریل ادخال کی آخری تاریخ : سیما آندھرا کیلئے اعلامیہ 12 اپریل کو جاری ہوگا
حیدرآباد یکم اپریل ( سیاست نیوز ) متحدہ آندھرا پردیش ریاست میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات (عام انتخابات ) کا دو مرحلوں میں انعقاد عمل میں لایا جائے گا پہلے مرحلہ کے تحت علاقہ تلنگانہ کے 16 لوک سبھا اور 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے انتخابی اعلامیہ کل یعنی 2 اپریل کو جاری کیا جائے گا ۔ اس طرح پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا بھی 2 اپریل سے آغاز ہوگا اور علاقہ تلنگانہ کے 17 لوک سبھا اور 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ9 اپریل ہوگی جبکہ پرچہ نامزدگی سے دستبرادری اختیار کرنے کی آخری تاریخ 12 اپریل ہوگی اور کو علاقہ تلنگانہ کے مذکورہ حلقہ جات کیلئے انتخابات پہلے مرحلے کے تحت 30 اپریل کو منعقد ہوں گے ۔ آج شام اپنے چیمبر واقع سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا 2 اپریل کو انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی 11 بجے دن تا 3 بجے سہ پہر تک پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کے اوقات مقرر کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں علاقہ تلنگانہ کے صرف 11 انتہا پسند سرگرمیوں سے متاثرہ اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہی کے اوقات صبح 7 بجے تا 4 بجے شام مقرر کئے گئے ہیں جبکہ ماباقی 108 اسمبلی حلقہ جات کیلئے اوقات رائے دہی صبح 7 بجے تا چھ بجے شام ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 16 مئی کو ہی انجام دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ 5 اپریل کو بابو جگجیون رام کی یوم پیدائش اور 8 اپریل کو سری رام نومی کی تعطیلات رہنے کے باوجود پرچہ جات نامزدگیاں قبول کی جائیں گی ۔ ریاستی چیف الکٹورل آفیسر نے کہا کہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے متعلقہ ریٹرننگ آفیسر تک پہونچنے آفس تک صرف تین گاڑیوںکی اجازت رہے گی اور پرچہ نامزدگی داخل کرتے وقت رٹرننگ آفیسر کے چیمبر میں امیدوار کے بشمول جملہ 5افراد کو ہی اجازت دی جائے گی ۔ علاوہ ازیں لوک سبھا کیلئے پرچہ نامزدگی فیس (سیکوریٹی ڈپازٹ) 25 ہزار روپئے اور اسمبلی حلقہ کیلئے 10 ہزار روپئے داخل کرنا ہوگا جبکہ درج فہرست اقوام و قبائلی طبقہ کے امیدوار کیلئے مذکورہ رقم کی نصف رقم داخل کرنا ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلہ کے تحت سیما آندھرا علاقہ جات میں 25 لوک سبھا اور 175 اسمبلی حلقہ جات کیلئے انتخابی اعلامیہ کی 12 اپریل کو اجرائی عمل میں آئے گی اور دوسرے مرحلہ کے لوک سبھا و اسمبلی حلقہ جات کیلئے پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا 12 اپریل سے آغاز ہوگا اور 19 اپریل پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہوگی اور پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ 23 اپریل ہوگی اور انتخابات 7 مئی کو منعقد ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 16 مئی کو عمل میں لائی جائے گی ۔ مسٹر بھنور لعل نے بتایا کہ دس اسمبلی حلقہ جات جو کہ انتہا پسندانہ سرگرمیوں وغیرہ سے متاثرہ ہیں، ان دس حلقہ جات اسمبلی میں رائے دہی کے اوقات صبح 7 بجے تا 4 بجے شام ہی ہوں گے جبکہ مابقی 165 اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہی کے اوقات 7 بجے تا 6 بجے شام برقرار رہیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست بھر میں اب تک درج کردہ رائے دہندوں کی تعداد زائد از 6.41 کروڑ ہے جبکہ مزید چار تا 5 لاکھ رائے دہندوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ، جن کے درخواست فارمس کی تنقیح کا عمل جاری ہے ۔