تلنگانہ میں عالمی یوم کینسر منانے علحدہ بجٹ مختص کرنے کا اعلان

حیدرآباد۔4فبروری(سیاست نیوز) آئندہ سال سے تلنگانہ میںعالمی یومِ کینسر منانے کے لئے ریاستی محکمہ صحت کو علیحدہ بجٹ تفویض کیا جائے گا تاکہ کینسر جیسے مہلک مرض سے محفوظ رہنے کے لئے عوام میںشعور بیدار کیا جاسکے اور تلنگانہ کو سنہری تلنگانہ کے علاوہ صحت مند ریاست کا درجہ بھی فراہم کیا جاسکے۔ آج یہاں مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل ملے پلی میںعالمی یومِ کینسر تقریب سے خطاب کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔اس موقع پرپروفیسر شنکر مہادیو ایچ او ڈی ایم این جے ہاسپٹل‘ڈاکٹر وجئے کمار‘ محمد عارف‘ سمیر یمنی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جناب محمد محمود علی نے کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں ایک مافیا ایسا بھی گذرا جس نے منظم طریقے سے علاقہ تلنگانہ کے سرکاری دواخانوں کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کاکام کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے قیام سے قبل علاقہ تلنگانہ جو سابق میں ریاست حیدرآباد کے نام سے جانا جاتا تھا میں نہ صرف مفت طبی سہولتیں فراہم کی گئی تھیں بلکہ عوام کی ضرورت کے مطابق ماہر دواخانے بھی ریاست حیدرآباد کے حکمرانوں نے قائم کئے تھے۔ مگر منظم طریقے سے ایک مخصوص مافیا نے ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں کو مفلوج کردیا تاکہ علاقہ تلنگانہ میں خانگی ذریعہ علاج کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ1955میںجب کینسر مرض کے متعلق تحقیق نہیںتھی باوجود اسکے وقت کے ذمہ داران نے مہدی نوازجنگ کینسر ہاسپٹل قائم کرتے ہوئے اپنی دور اندیشی کاثبوت دیا ۔

انہوں نے کینسر کے علاج کو مہنگا قراردیتے ہوئے کہاکہ باوجود اسکے کینسر کاشکار لوگ خانگی دواخانوں میںاپنی قسمت آزماتے ہیںاور جب کینسر کا مرض آخری مرحلے میں آجاتا ہے تب وہ سرکاری دواخانوں کا رخ کرتے ہیں جہاں پر انسان کے بچنے کی امید کم رہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں میں اس قسم کی بیماریوں کے لئے خصوصی شعبے جات درکار ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مہدی نواز جنگ ہاسپٹل ریاست کا واحد دواخانہ ہے جہاں پر کینسر کا موثر علاج مفت کیاجاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ دواخانے کی کارکردگی کے متعلق وزیراعلی مسٹر کے چندرشیکھر رائو کے پاس موجود رپورٹ بھی مذکورہ دواخانے کی بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کو درکار عملے ‘ انفراسٹرکچر اور ادوایات کی فراہمی کے متعلق چیف منسٹر سے نمائندگی کا یقین دلایااور وعدہ کیا کہ بہت جلد مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کو درکار سہولتیں حکومت تلنگانہ کی جانب سے فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے ریاست تلنگانہ میںکینسر مرض سے بچائو کے لئے چلائے جانے والی تمام تحریکوں کی ستائش کی اور کہاکہ ریاست کے دیہی علاقوں میںبھی کینسر کے متعلق شعوربیداری مہم درکار ہے۔ انہو ںنے عالمی یومِ کینسر کے موقع پر تقریب کے انعقاد پر مہدی نواز جنگ ہاسپٹل انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے اس قسم کے تمام پروگرامس کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔