تلنگانہ میں طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے مرکز سے تعاون کی اپیل

وزیر صحت تلنگانہ لکشما ریڈی کی مرکزی وزیر صحت ایس نائک سے ملاقات
حیدرآباد۔/20فبروری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت لکشما ریڈی نے آج مرکزی وزیر صحت ایس نائیک سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں حکومت کے اقدامات میں تعاون کی اپیل کی۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ صحت عامہ پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور سرکاری و خانگی شعبہ میں غریبوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ حکومت نے سوائن فلو کی روک تھام کیلئے ایک کروڑ 50لاکھ ویاکسین تقسیم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آیوش کے شعبہ جات کی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے تلنگانہ حکومت جلد ہی اہم فیصلے کرے گی۔ انہوں نے نئی ریاست تلنگانہ کیلئے مرکز کی جانب سے درکار امداد اور سہولتوں کے بارے میں مرکزی وزیر کو تفصیلی نوٹ حوالے کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزیر نے اس سلسلہ میں ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔