حیدرآباد میں 25 ہزار ایکڑ پر صنعتی پارکس کا قیام ، ٹی ایس آئی آئی سی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( ایجنسیز ) : ریاست تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور نئی صنعتی پالیسی کے پیش نظر تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن ( ٹی ایس آئی آئی سی ) نے تلنگانہ کے 9 اضلاع میں نئے صنعتی یونٹس کے لیے پندرہ لاکھ ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر ٹی ایس آئی آئی سی نے صنعت ، ریونیو ، اور پولیوشن کنٹرول بورڈ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ گذشتہ دیڑھ سال میں اس سلسلہ میں 30 لاکھ ایکڑ اراضی کا سروے کرنے کے بعد پندرہ لاکھ ایکڑ کو صنعتی یونٹس کے لیے مناسب پایا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ بتایا گیا کہ ان میں تقریبا دس لاکھ ایکڑ اراضی اضلاع دفاتر اور مین روڈ سے قریب ہوگی جب کہ پچیس ہزار ایکڑ اراضی کی حیدرآباد میٹرو پولیٹن علاقہ ( ایچ ایم آر ) اور حیدرآباد تا ورنگل کوریڈور میں نشاندہی کی گئی یہاں آئندہ چھ ماہ میں صنعتی پارکس کو ترقی دی جائے گی جب کہ ماباقی اراضی کو دوسرے مرحلہ میں آئندہ دو تا تین سال میں ترقی دی جائے گی ۔ بتایا گیا کہ کندوکور ، ابراہیم پٹنم اور یاچارم منڈلس ضلع رنگاریڈی کے 70 کلومیٹر حدود میں ، ضلع میدک کے گجویل ، توپران ، پٹن چیرو ، ظہیر آباد ، جنارم ، شیوم پیٹ اور سداشیو پیٹ منڈلس اور نلگنڈہ ضلع کے چوٹ اپل ، ملکاپور ، منڈلس میں اراضی کی نشاندہی کی گئی ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حیدرآباد اور میدک میں فارماسٹی ورنگل میں ٹکسٹائیل پارک کا منصوبہ ہے ۔ اس کے لیے آئی آئی ڈی ایف کی جانب سے فنڈس جاری کئے جائیں گے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے عام طور پر 10 تا 15 کروڑ سالانہ جاری کئے جاتے ہیں ۔ تاہم چیف منسٹر نے سو کروڑ کی اجرائی کا تیقن دیا ہے ۔ صنعتی یونٹس کی نشاندہی کے دوران برقی اور آبی سہولتوں کو مد نظر رکھا گیا ہے ۔ اور دس فیصد آبی سربراہی واٹر گریڈ کے ذریعہ کئے جانے کا تیقن بھی دیا گیا ۔۔