تلنگانہ میں سیٹ ون کی خدمات میں توسیع دینے کا عزم

صدر نشین سیٹ ون کے انتخاب پر عنایت علی باقری کا چیف منسٹر سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔یکم۔مارچ  (سیاست نیوز)  سیٹ ون کے قیام کے مقاصد کو پورا کرنا میرا نصب العین ہوگا اور ریاست میں سیٹ ون کے مراکز کو وسعت دیتے ہوئے نوجوانوں کو روزگار و ملازمتوں کی فراہمی میں سیٹ ون کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے معاشی ابتری کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ نو نامزد صدرنشین سیٹ ون جناب میر عنایت علی باقری نے بتایا کہ دنیا کی تیز رفتار ترقی سے سرکاری اداروں کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے اسی لئے سیٹ ون میں موجود قدیم کورسس کی جگہ نئے کورسس کی منظوری دیتے ہوئے انہیں عصر حاضر سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ جناب میر عنایت علی باقری نے بتایا کہ جب خانگی ادارے اولا اور اوبر جیسی خدمات فراہم کر سکتے ہیں تو پھر سیٹ ون کے ذریعہ کب تک بس خدمات چلائی جاتی رہیں گی اور کب تک مسلم نوجوانوں میں صرف آٹو تقسیم کئے جاتے رہیں گے۔ صدرنشین سیٹ ون نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ان پر جو اعتماد کیا ہے اس کے لئے وہ ان کے ممنون و مشکور ہیں اور جائزہ حاصل کرنے کے بعد مسٹر کے ٹی راما راؤ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے علاوہ رکن پارلیمنٹ مسز کے کویتا ‘ ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ اور جناب محمد محمود علی سے مشاورت کے ذریعہ سیٹ ون کو ترقی کی نئی منزلوں پر گامزن کیا جائے گا۔ جناب عنایت علی باقری نے صدرنشین کی حیثیت سے ان کے اعلان کے بعد دفتر سیاست پہنچ کر جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کی اور ملت کے نوجوانوں کی ترقی کے ساتھ ان کی فنی مہارت میں اضافہ کو یقینی بنانے کے لئے تجاویز پیش کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ رب العزت نے جو موقع دیا ہے اس سے استفادہ کرتے ہوئے وہ ضرور اس بات کی کوشش کریں گے کہ پرانے اور دقیانوسی کورس کے اسناد و تربیت پر انحصار کرتے ہوئے وقت نہیں گذاریں گے بلکہ عصری کورسس کو متعارف کرواتے ہوئے روزگار سے مربوط کرنے والی تربیت کی فراہمی پر توجہ مبذول کی جائے گی۔ جناب عنایت علی باقری تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ان قد آور قائدین میں ہیں جو پارٹی کے قیام سے ہی مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے ساتھ رہے ہیں۔ انہوں نے شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر اور مسلمانوں میں تحریک تلنگانہ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور چارمینار کے دامن میں جب کوئی تلنگانہ تحریک چلانے کے لئے تیار نہیں تھا اس وقت سے ہی جناب عنایت علی باقری تحریک تلنگانہ سے وابستہ ہیں۔علاوہ ازیں وہ نیشنل ہاکرس فیڈریشن کے صدر بھی ہیں جس کے سبب انہیں ٹھیلہ بنڈی رانوں ‘
فٹ پاتھ تاجرین ‘ مزدور طبقہ اور بیروزگار نوجوانوں کے مسائل سے بھی واقفیت حاصل ہے۔جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے نو نامزد صدرنشین سیٹ ون کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔