حیدرآباد /31 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سڑکوں کی خستہ حالی پر برہم عوام بہت جلد ان کی خواہش کے مطابق صاف ستھری کشادہ اور پختہ سڑکوں کو استعمال کرسکیں گے کیونکہ تلنگانہ کی تمام بڑی سڑکیں اور شاہراہیں اندرون ایک سال آئینہ کی طرح چمکیں گی ۔ بشرطیکہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ اپنے عہد پر قائم رہتے ہوئے اپنے طریقہ کار کے مطابق اس پراجکٹ کو روبعمل لائیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اپنی ریاست تلنگانہ میں سڑکوں کی موجودہ حالت کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلی سطحی جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ جس میں انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست کے تمام 10 اضلاع کو فی کس 1000 کروڑ روپئے کے حساب سے 10,000 ہزار کروڑ روپئے مختص کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس رقم سے سڑکوں کی کشادگی ، پختہ کاری ، تعمیر و مرمت کی جائے گی ۔ کے سی آر نے یہ اعلان بھی کیا کہ پی وی نرسمہا راؤ ایکسپریس کے خطوط پر حیدرآباد میں بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزید چار ایکسپریس وے تعمیر کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے ان پراجکٹوں کے کارگر اور قابل عمل ہونے کے بارے میں رپورٹ کی پیشکشی کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی اور جلد ٹنڈروں کی طلب کیلئے فی الفور رپورٹ طلب کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا اس کمیٹی کے چیرمین مقرر کئے گئے ہیں۔ ریاستی وزراء نائنی نرسمہا ریڈی ، ایٹلہ راجندر ، گنٹہ کنڈلہ جگدیش ریڈی ، پوچارم سرینواس ، ٹی ہریش راؤ ، کلواکنٹلہ تارک راما راؤ اور جوگو رامنا کمیٹی کے ارکان ہوں گے ۔ توقع ہے کہ یہ کمیٹی بعجلت ممکنہ چیف منسٹر کے سی آر کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ شہر حیدرآباد کے اطراف مزید چار ایکسپریس وے کی تعمیر کے اسباب وجوہات بیان کرتے ہوئے مسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ورنگل ، کھمم ، نلگنڈہ ، کریم نگر او رمیدک جیسے اضلاع سے لوگ بمشکل دیڑھ دو گھنٹہ میں حیدرآباد پہونچ جاتے ہیں لیکن شہر میں واقع اپنے مطلوبہ مقام تک پہونچنے کیلئے ا نہیں دو تا ڈھائی گھنٹہ ضائع کرنا پڑتا ہے ۔
اس مسئلہ کو حل کرتے ہوئے شہر میں ٹریفک کے گذر کو کسی رکاوٹ کے بغیر آسانی محفوظ اور تیز رفتار بنانے کے مقصد سے چار ایکسپریس وے تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ سڑکوں کی خستہ حالی ، بے ہنگم ٹریفک اور دیگر تمام متعلقہ مسائل کیلئے کے سی آر نے سابق حکومتوں کو مورد الزام ٹہرایا اور کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی لاپرواہی کے سبب کئی بڑی اور مصروف سڑکیں ’’ جہنم کے گڈھوں ‘‘ میں تبدیل ہوگئے ہیں جہاں سفر کرنا انتہائی دشوار ہوگیا ہے ۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میں گاڑیوں کی پارکنگ کے مسئلہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی کہ شہر میں اس مسئلہ کی موثر یکسوئی کیلئے ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس تعمیر کئے جائیں ۔ جائزہ اجلاس میں وزراء کے علاوہ پرنسپال سکریٹریز ایس نرسنگ راؤ ، وی ناگی ریڈی ، ایڈیشنل سکریٹری سمیتا سبھروال عمارات وشوارع کے چیف انجینئیر راما کرشنا اور دوسروں نے شرکت کی ۔