تلنگانہ میں سو سال تک تلگو دیشم کو اقتدار نہیں ملے گا : ٹی ہریش راؤ

این ٹی آر ٹرسٹ کبھی بھی فروخت کیا جاسکتا ہے ، گجویل سے کانگریس کا صفایا ، نرسا ریڈی کی ٹی آر ایس میں شمولیت
حیدرآباد ۔19 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) میدک کے گجویل اسمبلی حلقہ سے کامیابی کے بعد چندر شیکھر راؤ نے اس حلقہ میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کا آغاز کردیا ہے۔ اس اسمبلی حلقہ میں مجالس مقامی انتخابات میں تلگو دیشم پارٹی نے ٹی آر ایس پر سبقت حاصل کرتے ہوئے کے سی آر کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے ۔ اس حلقہ میں اپنی گرفت مضبوط کرنے میں مقامی کانگریس قائدین کو ٹی آر ایس میں شمولیت کیلئے راغب کیا جارہا ہے۔ گجویل کے سابق رکن اسمبلی نرسا ریڈی نے اپنے حامیوں کے ساتھ آج ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر حالیہ انتخابات میں کے سی آر کے خلاف مقابلہ کیا تھا۔ سینئر قائد ہریش راؤ نے تلنگانہ بھون میں نرسا ریڈی اور ان کے حامیوں کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ نرسا ریڈی کی ٹی آر ایس میں شمولیت سے گجویل میں کانگریس پارٹی کا صفایا ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کانگریس اور تلگو دیشم کے دیگر قائدین بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ اس طرح تلنگانہ کے 119 اسمبلی حلقوں سے تلگو دیشم اور کانگریس کا صفایا ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ 100 برسوں تک بھی تلگو دیشم پارٹی برسر اقتدار نہیں آسکتی اور این ٹی آر ٹرسٹ بھون آفس پر برائے فروخت کا بورڈ آویزاں کردیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے لوک ستہ کے صدر جئے پرکاش نارائن پر تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے ٹی آر ایس قائدین پر مختلف مقدمات کا حوالہ دیا ہے۔ ہریش راؤ نے وضاحت کی کہ ان پر تلنگانہ تحریک سے متعلق مقدمات ہیں ، جبکہ دھوکہ دہی اور کسی جرم کا کوئی مقدمہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت انتخابی منشور پر من و عن عمل کرے گی اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی ترجیحی بنیاد پر تکمیل کی جائے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کے سی آر کی قیادت میں سنہرے تلنگانہ کے تشکیل کے ذریعہ تمام طبقات کے مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنایا جائے گا۔