تلنگانہ میں سوائن فلو سے اموات کی تعداد 48 ہوگئی

وباء کی شدت میں کمی کے باوجود مزید 37 نئے مریضوں کی شناخت
حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( پی ٹی آئی ) : تلنگانہ میں سوائن فلو سے مزید ایک مریض فوت ہوگیا ہے اور مزید 37 مریض اس وباء سے متاثر پائے گئے ہیں ۔ تلنگانہ میں سوائن فلو سے فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد 50 کے قریب پہونچ رہی ہے ۔ سوائن فلو کے بارے میں ریاستی حکومت کی طرف سے آج یہاں جاری کردہ بلیٹن کے مطابق ’’ رواں سال ( یکم جنوری تا 13 فروری ) 3,045 مشتبہ مریضوں کے معائنہ کئے گئے جن کے منجملہ 1006 مثبت پائے گئے ۔ سوائن فلو اور دیگر متعلقہ عارضوں کے سبب 46 اموات ہوئی ہیں ‘‘ ۔ گذشتہ روز کے بلیٹن کے مطابق 12 فروری تک سوائن فلو کے 45 مریض فوت ہوئے تھے ۔ گذشتہ روز 107 نمونوں کے معائنہ کئے گئے جن کے منجملہ مزید 37 مثبت پائے گئے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چھ دن ( 13 فروری تک ) کے دوران سوائن فلو وباء کے پھیلنے کی شدت میں کمی ہوئی ہے ۔ تاہم شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور چھینک ، بخار ، کھانسی اور اعضاء شکنی جیسی علامات محسوس کرنے پر دواخانہ سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔۔