تلنگانہ میں سمنٹ کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ

بیوپاریوں نے مصنوعی قلت پیدا کردی ، بلڈرس کو دھکا
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں گذشتہ چند ماہ کے دوران تعمیراتی سرگرمیوں میں کوئی تیزی نہیں ہوئی اس کے باوجود سمنٹ کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔ مکانات اور فلیٹس کی مانگ میں کمی کے باوجود سمنٹ کے دام بڑھنے پر خود بلڈرس حیران ہیں ۔ ابھی دو ہفتے قبل ایک تھیلہ سمنٹ کی قیمت دو سو بیس روپئے تھی ۔ اب مارکٹ میں اس کے دام تین سو روپئے اور تین سو بیس روپئے کے درمیان ہیں ۔ ڈیلرس کا کہنا ہے کہ دام مزید بڑھیں گے اور ایک تھیلہ سمنٹ کی قیمت 340 روپئے ہوجائے گی ۔ بلڈرس نے کہا کہ بحران سے دوچار رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے سمنٹ کے دام میں اضافہ بہت بری خبر اور زبردست دھکا ہے ۔ سمنٹ کے دام میں اضافہ سے متوسط طبقہ پر بھی کاری ضرب لگی ہے ان کے لیے مکان کی تعمیر مسائل سے دوچار ہوگی ۔ سمنٹ کے تیار کنندوں نے گذشتہ ایک ہفتہ سے ڈیلرس کو سمنٹ کی سپلائی روک دی ہے ۔ اس طرح اس کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے ۔ اب سپلائی شروع ہوئی ہے تو دام میں تیس فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ حالانکہ سمنٹ کی پیداواری لاگت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ تیار کنندوں نے لیبر اور میٹریل پر خرچ کم کرنے پیداوار گھٹادی ہے ۔ بلڈرس کے لیے جو ریت کے دام میں اضافہ سے پریشان ہیں ۔ سمنٹ کی قیمت میں اضافہ زبردست دھکا ہے ۔ ریت کے دام گذشتہ ایک سال میں 850 روپئے فی ٹن سے بڑھ کر 2 ہزار ایک سو روپئے فی ٹن ہوگئے ہیں ۔۔