حیدرآباد ۔ 8 ؍ مارچ ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست میں تعلیمی و صحت و طبابت کے شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ۔ بالخصوص ریاست تلنگانہ کو ترقی کی سمت گامزن کرنے کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل تعلیمی شعبہ پر حکومت اپنی اولین ترجیح و توجہ دے رہی ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی ۔ اور بتایا کہ سروا سیکھشا ابھیان کے ذریعہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے کروڑہا روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ اس کے باوجود کوئی مثبت نتائج حکومت کو حاصل نہیں ہو رہے ہیں ۔ کیونکہ سروا سیکھشا ابھیان کی جانب سے تلنگانہ ریاست کے اضلاع میں خرچ کی جانے والی رقومات میں کئی بے قاعدگیاں پائی جاتی ہیں ۔ اور اسکینڈل بھی پایاجاتا ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ عوام سروا سیکھشا ابھیان میں پائی جانے والی رقمی بے قاعدگیوں کو ختم کرنے کے لئے چیف منسٹر تلنگانہ سے موثر و مثبت اقدامات کرنے کی خواہش کر رہے ہیں ۔ تاکہ چیف منسٹر کے نظریہ کے مطابق ہی ریاست تلنگانہ میں کرپشن سے پاک و صاف ستھرا نظم و نسق عوام کو فراہم کیا جاسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے تقریباً اضلاع میں پائے جانے والے سرکاری مدارس کا معیار بہت ہی گرتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ہی عوام اپنے بچوں کو سرکاری مدارس کے بجائے خانگی معیاری اسکولس میں شریک کروانے پر اولین ترجیح دے رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ سرکاری مدارس کے گرتے معیار سے متعلق اب تک متعدد سروے رپورٹس کی روشنی میں انکشاف ہوچکا ہے اس صورتحال کا اندازہ لگاتے ہوئے حقیقی صورتحال سے واقفیت حاصل کرکے حکومت تلنگانہ سرکاری مدارس کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے کئی ایک اصلاحاتی اقدامات کا آغاز کرچکی ہے اور ریاست تلنگانہ میں پائے جانے والے تمام سرکاری ہائی اسکولس کو مستحکم بنانے اور ان مدارس کے معیار تعلیم میں بہتری پیدا کرنے کے مقصد سے حکومت اور محکمہ تعلیم کے اصلاحات کو روبہ عمل لانے کے اقدامات شروع کی ہیں۔