حیدرآباد۔/24جنوری، ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے وفد نے وزیر آئی ٹی و صنعتیں کے ٹی راما راؤ کی قیادت میں ڈاوس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر مختلف کمپنیوں کے بزنس ہیڈز سے ملاقات کی ہے۔ ریاستی وفد نے ڈاکٹر پیٹرا لاکس، گلوبل ہیڈ پبلک افیرس پالیسی، نووارٹیس سے ملاقات کی۔ حیدرآباد میں اس کمپنی کی سرگرمیوں میں توسیع کے بارے میں غور و خوض کیا گیا۔ نیز اس میٹنگ میں کے ٹی آر نے حیدرآباد فارما سٹی، دیگر موضوعات پر ریاستی حکومت کے مجموعی منصوبوں کے تعلق سے بھی بات کی۔ ڈاکٹر پیٹرا نے کہا کہ اُن کی کمپنی اس شہر کے تعلق سے کافی خوش ہے۔ ایک اور میٹنگ میں کے ٹی آر نے سی ای او ایر ایشیاء برہاڈ انتھونی فرنانڈیز سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں کمپنی کے ٹیک سنٹر کے قیام کے امکانات پر غور و خوض کیا۔ کے ٹی آر نے سلسلہ وار میٹنگس میں مٹسوبشی ہیوی انڈسٹریز کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت ایکزیکیٹو وائس پریسیڈنٹ کین کووائی نے کی۔ بعد ازاں تلنگانہ وفد نے بانی اور گروپ سی ای او انڈورما وینچرس پی سی ایل آلوک لوہیا سے ملاقات کی۔ اُن کی کمپنی دنیا کی سب سے بڑی پالیسٹر کمپنی ہے۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ کی ترقی پسند صنعتی پالیسیوں پر روشنی ڈالی اور مسٹر لوہیا کو تلنگانہ کے کاکتیہ میگا ٹیکسٹائیلس پارک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ تلنگانہ وفد نے ڈاوس میں دیگر کمپنیوں کے سربراہان اور اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقات کرتے ہوئے انہیں دعوت دی کہ حیدرآباد کا دورہ کریں اور تلنگانہ حکومت کے ساتھ شراکت کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے امکانات کھوجیں۔کے ٹی آر نے محمد ال شیبانی سی ای او انوسٹمنٹ کارپوریشن آف دبئی سے بھی ڈاوس میں تلنگانہ پویلین میں ملاقات کی۔