تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے والے تلنگانہ کی ترقی کے شراکت دار

میریڈین میٹرو کلاسک وینچر کا افتتاح، جناب محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔24جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میںسرمایہ کاری کے ذریعہ ریاست کی بے مثال ترقی کا حصہ بنانے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے کہاکہ تجارت میں دیانت داری ‘ محنت او رلگن کے ساتھ کام کرنے والوں کو کبھی بھی نقصان کا سامنانہیں کرنا پڑتا۔ آج یہاں ہوٹل گولکنڈہ میں مریڈین میٹرو کلاسک وینچر لانچنگ کے موقع پر انہوں نے مریڈین میٹرو کلاسک انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور مستقبل میںبھی پوری دیانت داری اور ایمانداری کے ساتھ وینچر کے کامیاب انعقاد کی توقع کا اظہار کیا۔ انہوں نے تلنگانہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو کے سنہری تلنگانہ کے خواب کو پورا کرنے کا شراکت دار قراردیا او رکہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل ناصرف رئیل اسٹیٹ کا شعبہ بلکہ خانگی اور سرکاری سطح پر ریاست کے تمام شعبہ جات پر آندھرائی سرمایہ داروں کی اجارہ داری تھی جنھوں نے سستی قیمت او ر کئی مقامات پر دھوکہ دہی کے ذریعہ اراضیات کو ہڑپ دیا اور کروڑ رہا روپئے علاقہ تلنگانہ سے کمائے۔ الحاج محمد محمود علی نے مزیدکہاکہ حیدرآباد کا شمار ریاست کے میٹرو پولٹین شہروں میں ہوتا ہے جہاں پر سرمایہ کاری نہ صرف سرمایہ کاروںکے لئے فائدہ مند ثابت ہوگی بلکہ مقامی عوام کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کا قیام عمل میں آنے سے قبل ہی حیدرآباد کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ شہر وں میںتھا باوجود اسکے آندھرائی قائدین اور سرمایہ کار شہر حیدرآباد کی ترقی کو آندھرائیوں کی مرہون منت قراردیتے ہیں جو سراسر جھوٹ پر مبنی دعوے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہر حیدرآباد کی تیزی کیساتھ بڑھتی آبادی کے پیش نظر شہر کے اطراف واکناف بالخصوص مضافاتی علاقوں کی ترقی پر غور خوض ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر حیدرآباد کو وسیع کرتے ہوئے مضافاتی علاقوں کو شہرمیںشامل کرنے سے متعلق بھی حکومت لائحہ عمل تیار کررہی ہے ان حالات میں مریڈین میٹرو کلاسک وینچر ایک خوش آئند اقدام ثابت ہوگا۔انہوں نے سنجیدگی‘محنت او رلگن کے ساتھ کام کرنے کا منتظمین کو مشور ہ دیا۔جناب محمد امیر ڈائرکٹر مریڈین میٹرو کلاسک وینچر وٹی آر ایس قائد کے علاوہ جناب اعظم علی خرم ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد جنرل سکریٹری‘ محمد شیان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔