تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے این آر آئیز کا خیر مقدم

ریاست کی بے مثال ترقی کی ضمانت ، جناب محمود علی کی تقریر
حیدرآباد۔5مئی(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کی روایتوں کا تحفظ حکومت تلنگانہ کی اولین ذمہ داری ہے بالخصوص حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب کا فروغ حکومت تلنگانہ کی اولین ترجیح ہے۔آج یہاں اُردو مسکن ‘ خلوت میںتلنگانہ این آر آئی ویلفیر اسوسیشن کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے یہ بات کہی۔ انہوں نے تلنگانہ میںغیرمقیم ہندوستانیوں کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ حکومت تلنگانہ ریاست کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کی پابند عہد ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ریاست تلنگانہ میںغیرمقیم ہندوستانیوں کی سرمایہ کاری ریاست کی بے مثال ترقی کی ضمانت ہوگی جس کا راست فائدہ تلنگانہ کی عوام کو پہنچے گا۔جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ ہندوستان کو صدیوں سے سونے کی چڑیا کہاجاتا ہے جہاں پربے شما ر قدرتی وسائل ہیں ۔ انہوں نے کہا قدرتی وسائل کے صحیح استعمال سے ریاست کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ریاست کی ترقی کے لئے وہاں پر بدعنوانی اور فرقہ پرستی کا مکمل طور پر خاتمہ یقینی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا خاتمہ ہوا ہے اور نچلی سطح پر بھی بدعنوانی پر کنٹرول کاکام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رشو ت خوری ‘ بدعنوانی‘ اور فرقہ پرستی کے زہر کو جڑ سے اکھاڑنے کے بعد ہی ریاست کی بے مثال ترقی کو یقینی بنانے کاکام کیا جاسکے گا۔ جناب محمد محمود علی نے غیرمقیم ہندوستانیوںکی ریاست میںسرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے سنگل ونڈو سسٹم متعارف کروانے کا بھی یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے کسی بھی ملک سے غیرمقیم ہندوستانیوں کی ریاست تلنگانہ میںسرمایہ کاری کو یقینی بنانے کاکام کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ کیرالا ائیر پور ٹ کی تعمیر میںبھی غیرمقیم ہندوستانیوں کا اہم رول ہے اسی طرز پر ریاست تلنگانہ میںبھی غیرمقیم ہندوستانیوںکو سرمایہ کاری کا موقع فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے علیحدہ این آرآئی سل قائم کیا جائے گا۔ جناب محمد محمود علی نے بلاتفریق ذات پات ‘ مذہب حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے غریب طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو حکومت تلنگانہ کی ذمہ داری قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ شادی مبارک اسکیم میںغریب اقلیتی طبقے کے درخواست گذار وںکو درپیش مسائل کے پیش نظر اسکیم سے پیدائش کے صداقت نامہ کے لزوم کو برخواست کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ غریب طبقے کی عوام کو مدد پہنچانے کے ہر ممکن اقدام اٹھارہی ہے۔