پینانگ کے ڈپٹی چیف منسٹر کی کے ٹی آر سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 24 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اور ملیشیا کی ریاست پینانگ نے ٹکنالوجی ، مینوفیکچرنگ اور تہذیبی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے باہم کام کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر پینانگ اسٹیٹ ڈاکٹر پی راما سوامی نے آج حیدرآباد میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ریاستوں میں معاشی تعاون کو بہتر بنانے کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملیشیا کی کئی سرکردہ کمپنیاں جیسے آئی جے ایم تلنگانہ کے انفراسٹرکچر سیکٹر میں سرمایہ کاری کی ہے۔ دونوں کے تعلقات کافی گہرے ہیں اور دونوں کی تہذیبوں میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے مینوفیکچرنگ سیکٹر میں پینانگ اسٹیٹ کے تعاون کی خواہش کی جو کہ ملیشیا میں سرفہرست ریاست ہے۔ انہوں نے کہاکہ پینانگ کی معیشت کے استحکام میں مینوفیکچرنگ شعبہ کا اہم رول ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کا ایک وفد پینانگ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا دورہ کرے گا تاکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے سلسلہ میں کارپوریشن کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ پینانگ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ایک خود مختار دستوری ادارہ ہے ، جس کا مقصد ریاست کی سماجی اور معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کو مستحکم کرتے ہوئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی طرف گامزن ہے ۔ حکومت نے اس سلسلہ میں 14 مختلف شعبوں کی نشاندہی کی ہے جن میں سائنس، انفارمیشن ٹکنالوجی ، ڈیفنس اور ایرو اسپیس شامل ہیں ، جن میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
پرنسپل سکریٹری انڈسٹری ، کامرس اینڈ اینرجی اروند کمار نے پی وی مینوفیکچرنگ میں پینانگ اسٹیٹ سے تعاون کی خواہش کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت میں سولار اینرجی کیلئے منفرد پروگرام تیار کیا ہے۔ انہوں نے پینانگ کے پی وی مینوفیکچررس کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ یہاں پر بہتر مواقع موجود ہیں۔ ڈاکٹر راما سوامی نے کہا کہ پینانگ اسٹیٹ مینوفیکچرنگ سیکٹر اور اسکل ڈیولپمنٹ میں تلنگانہ سے تعاون کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے سرویس سیکٹر اور سافٹ ویر ڈیولپمنٹ میں تلنگانہ سے تعاون کی خواہش کی ہے۔