تلنگانہ میں سردی کی لہر میں غیرمعمولی اضافہ کا امکان

درجہ حرارت میں گراوٹ ، شہر میں موسم سرد ترین ، شاہراہوں پر ٹریفک متاثر
حیدرآباد۔ 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں سردی کی لہر میں مزید شدت پیدا ہوسکتی ہے۔ آئندہ تین یوم کے دوران شہر کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ حیدرآباد، عادل آباد، نظام آباد، جگتیال، پداپلی، رنگاریڈی، میدک کے علاوہ راماگنڈم میں سردی کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے جس کے سبب بے گھر افراد کو مختلف تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر حیدرآباد میں موسم سرما کی شدید ترین سردی ریکارڈ کی جارہی ہے اور درجہ حرارت 9 ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔ سردی کی لہر میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بچوں اور عمر رسیدہ افراد کو مختلف عوارض کی شکایات بھی منظر عام پر آنے لگی ہیں۔ عادل آباد، نظام آباد، میدک، رنگاریڈی اور حیدرآباد میں جاری درجہ حرارت میں گراوٹ کے ساتھ ساتھ سرد ہواؤں کے سبب موسم میں خنکی پیدا ہوچکی ہے اور شام کے اوقات میں سڑکیں سنسان نظر آرہی ہیں۔ ریاست کے ان اضلاع کے علاوہ ورنگل میں بھی شدید سردی ریکارڈ کی جارہی ہے اور بتدریج درجہ حرارت میں گراوٹ کے سبب ریاست کی اہم شاہراہوں پر کہر دیکھی جارہی ہے جس کی وجہ سے صبح کی اولین ساعتوں میں بیشتر شاہراہوں پر ٹریفک مسدود نظر آرہی ہے چونکہ شدید کہر کی بناء پر حادثات میں اضافہ کے خدشات کے پیش نظر ٹریفک اپنے طور پر روک دی جارہی ہے۔ ماہرین کے بموجب ریاست میں گزشتہ 50 برسوں کے دوران اس طرح کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی تھی اور اس نئے تجربہ کے سبب شہریان تلنگانہ معمول کی زندگی گزارنے سے قاصر نظر آرہے ہیں۔ عادل آباد میں گزشتہ تین یوم سے درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جارہا ہے جبکہ گزشتہ دو یوم سے حیدرآباد و سکندرآباد میں شدید سردی کی لہر کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ درجہ حرارت 9 ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا ہے۔ یہی صورتحال میدک، رنگاریڈی اور نظام آباد کے علاوہ راماگنڈم کی ہے جہاں درجہ حرارت 9 ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔ شہر میں 9 ڈگری درجہ حرارت کا بھی مقابلہ کرنا مشکل نہیں ہے لیکن شہر کے ایسے علاقے جہاں پر پہاڑی اور جنگل موجود ہیں، ان علاقوں کے عوام کا جینا محال ہوتا جارہا ہے۔ جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، نواب صاحب کنٹہ، وٹے پلی، بی بی کا چشمہ کے علاوہ شمس آباد، جل پلی، شاہین نگر، پہاڑی شریف جیسے علاقوں میں رات میں 8 بجتے ہی سڑکیں سنسان نظر آنے لگی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے بموجب حضورآباد، کورٹلہ ، جگتیال ، کریم نگر میں بھی درجہ حرارت 9 ڈگری تک پہنچ چکا ہے اور یہی صورتحال کھمم کے بعض مواضعات کی ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں سردی کی یہ شدید لہر اور صبح کی اولین ساعتوں میں شدید کہر کی پیش قیاسی جاری ہے اور امکان ہے کہ مزید تین یوم تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ شہر کے نواحی علاقے چیوڑلہ، وقارآباد، تانڈور، حیات نگر، ونستھلی پورم، ایل بی نگر، شاہ میر پیٹ کے علاوہ بالانگر، قطب اللہ پور میں بھی شدید سردی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ ان علاقوں میں موجود تفریحی مقامات اوٹی جیسی صورتحال پیش کررہے ہیں اور عوام کی بڑی تعداد موسم کا لطف اٹھانے اور تفریح کی غرض سے ان علاقوں کا رخ کررہی ہے۔